پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر ملک بھر کی طر ح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تین مقامات جی نائن، پی ڈبلیو ڈی اور ترامڑی چوک پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد محمد کاشف چوہدری اورملک عبد العز نے کی ۔
مظاہرین نے پی ڈی ایم اور نگران حکومت کے خلاف زبر دست نعر ے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں اضا فے کو فوری طور پر واپس لیا جا ئے۔
اسلام آباد کے ایک پیٹرول پمپ پر ایندھن کیلئے گاڑیوں کی طویل قطار لگی ہوئی ہے۔۔ فائل فوٹو
مظاہرین سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ غلام قیادت نے آئی ایم ایف کی اشاروں پر عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرا کرعوام کا جینا مشکل بنادیا ہے، ملک پر مسلط طبقہ غربت ختم کر نے کی بجا ئے غر یب کو ختم کر نے پر تُلا ہوا ہے،نگران حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔
تاجر رہنماکاشف چوہدری نے کہا آئی ایم ایف کے کہنے پر غریبوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، لوگ اپنی بنیادی ضروریات پوری نہیں کر سکتے، ماضی کی حکومتوں نے عوام سے سب کچھ چھین لیا۔
ملک عبد العزیز نے کہا نگراں وزیر اعظم انوار الحق پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے عام انتخابات وقت پر کروانے پر توجہ دیں۔
