پاکستان کے 6 مقامات پر 24 حملے،8 شہری شہید،DGISPR
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستان پر کی گئی بلااشتعال اور کھلی جارحیت کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر 24 حملے کیے ہیں جن میں مختلف اقسام کے ہتھیار استعمال کیے گئے۔
بھارتی حملے کے بعد پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بے گناہ پاکستانی شہریوں میں 25 مرد، 6 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔
حملوں کو مقامات اور مزید تفصیلات بتاتےہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مریدکے میں مسجد مغلپورہ کو نشانہ بنایا گیا جہاں 1 مرد شہید، 1 زخمی اور 2 لاپتہ ہوئے، مسجد کو مکمل طور پر شہید کر دیا گیا۔
سیالکوٹ کے ایک گاؤں میں2 فضائی حملے کیے گئے جن میں سے اوپن فیلڈ میں تھا جس سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا،شکرگڑھ میں آخری حملہ کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔
مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا 7 حملے ہوئے جن میں ایک بچی زخمی ہوئی اور ایک مسجد شہید ہوئی،کوٹلی میں مسجد آب پار کو نشانہ بنایا گیا، 5 حملے ہوئے جن میں 2 افراد شہید ہوئے جن میں ایک 16 سالہ بچی اور ایک 8 سالہ بچہ شامل ہیں۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مسجد سبحان پر حملے میں 5 پاکستانی شہری شہید ہوئے جن میں ایک 3 سالہ بچی بھی شامل ہے جبکہ 31 افراد زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر واضح پیغام دیا کہ پاک فوج دشمن کی اس بزدلانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور عوام کی حمایت سے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
