آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات 2022 – جاری شدہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد لازم ہے

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن

مظفرآباد (پی آئی ڈی) 25 نومبر 2022

آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات 2022 کے سلسلہ میں جاری شدہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر امیدوار پر لازم ہے۔ لیکن آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کو مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ بعض امیدواران کے جلسہ جلوس میں وزیرا عظم اور وزراء کرام ترقیاتی سکیموں اور رقوم کے اعلانات کر رہے ہیں۔ جو کہ ضابطہ اخلاق کی صریحا خلاف ورزی ہے۔

ضابطہ اخلاق کے حوالے سے یہ امر واضح رہے کہ پابندی کی ذمہ داری بنیادی طور پر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدار کی ہے۔ وہ اپنے علاوہ اپنی میٹنگ، جلسہ جلوس میں شریک افراد اور مہمانان کو بھی ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کا ذمہ دار ہے۔ اسی طرح اگر معزز وزراء کرام، مشیران کرام یا وزیر اعظم کی طرف سے جس امیدوار کی میٹنگ یا جلسہ جلوس میں سرکاری وسائل استعمال کیے جائیں گے یا کسی سکیم یا منصوبے کا اعلان ہو گا تو وہ امیدوار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا جائے گا۔  ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اسی امیدوار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے نتیجے میں جرمانے کے ساتھ ساتھ نااہلی کا فیصلہ بھی ہو سکتا ہے۔

درج بالا صورت حال کے پیش نظر حسب ہدایت تحریر ہے کہ اگر کسی بھی امیدوار کے جلسے یا میٹنگ میں کسی بھی حکومتی اہلکار یا کسی بھی شخص کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو متعلقہ امیدوار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی بہ مطابق ضابطہ عمل میں لائی جائے اور اس کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کی جائے۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو