معروف بھارتی کرکٹر کپل دیو کے اغواء کی ویڈیو وائرل!
بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف سابق کپتان کپل دیو کو اغوا کرنے کی تہلکہ خیز ویڈؑیو سامنے آگئی۔ سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے کپل دیو کے اغوا سے متعلق مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔
یہ بھی پڑھیں ورلڈ کپ2023، امپائرز اور ریفریز کی تقرری کا اعلان
گوتم کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ غنڈے لیجنڈری کپل دیو کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ غنڈوں نے کپل دیو کے ہاتھ پیٹھ کے پیچھے باندھ رکھے ہیں اور منہ پر بھی پٹی باندھ رکھی ہے۔
ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اغوا کار کپل دیو کو ایک گھر کے اندر لے جا رہے تھے۔ ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان واقعی بے بس حالت میں نظر آئے۔
ویڈیو جاری کرتے ہوئے گوتم نے اپنی پوسٹ میں سوالیہ انداز اپنایا اور کہا کہ کیا کسی اور کو بھی ایسی ویڈیو موصول ہوئی ہے؟
یہ بھی پڑھیں محمد عامر ٹیم میں کیسےشامل ہو سکتے ہیں؟،انضمام الحق نے بتا دیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ یہ کپل دیو خود نہیں ہیں، اور وہ بخیر و عافیت ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس ویڈیو کی حقیقت کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن کچھ سوشل میڈیا صارفین اسے تشہیری مہم کا حصہ قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کپل دیو کی خیریت دریافت کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔