
شتر مرغ – سیٹھ اور یوٹیوبر ! ایک پہلو یہ بھی ہے
✍️ یعقوب عالم
گزشتہ کئی دنوں سے ایک مخصوص ویلفیئر ادارے کی جانب سے سحری میں ڈیڑھ لاکھ مالیت والے کئی شتر مرغ کھلائے جانے پر عوام کی طرف سے تنقید کی جارہی ہے مجھ سے بھی کچھ دوستوں نے پوچھا اس پر آپ کی کیا رائے ہے تو ہم اپنی بات رکھ دیتے ہیں ۔
اعتراض ہوا کہ ڈیڑھ لاکھ کا شتر مرغ کھلا رہے ہیں تو ان پیسوں میں سستی چیز کیوں نہیں کھلا دیتے تاکہ اور زیادہ مستحقین تک فائدہ پینچ سکے یا ان پیسوں میں کسی کو روزگار ہی دے دیا جائے تاکہ وہ خود کما کر خود کھانا کھاتا رہے ۔
اس اعتراض کا یہ جواب دیا گیا کہ سیٹھ کہہ رہا ہے میں جو کھاتا ہوں وہ ہی کھلانا چاہتا ہوں اب سیٹھ شتر مرغ کھلا رہا ہے تو آپ کو کیا تکلیف ہے ۔
تکلیف کی پہلی وجہ جب آپ خود کہہ رہے ہیں کہ سحری زکوۃ کے پیسوں سے نہیں کرائی جاتی کوئی بھی شخص کھا سکتا ہے غریب ہو یا امیر تو پھر یہ بات کیوں کی جارہی ہے کہ سیٹھ کہہ رہا ہے میں جو خود کھاتا ہوں وہ ہی غریب کو کھلانا چاہتا ہوں سحری تو صرف غریب کیلئے بقول آپ کے ہے ہی نہیں ؟
تکلیف کی دوسری وجہ سیٹھ جو خود کھاتا ہے اگر وہ ہی کھلانا چاہتا ہے تو پھر سیٹھ اس طریقے سے کیوں نہیں کھلا رہا جس طریقہ سے خود کھاتا ہے ؟
کیا سیٹھ اپنے بچوں کے ساتھ شتر مرغ فٹ پاتھ پر اس طرح بیٹھ کر کھاتا ہے ؟
کیا سیٹھ اپنے گھر میں مہمانوں کے سامنے چاول کے تھال میں ہی کولڈرنگ رکھ کر پیش کرتا ہے ؟
تکلیف کی تیسری وجہ پھر بھی اگر سیٹھ کا مقصد یہ ہی ہو کہ جو خود کھاتا ہے وہ ہی غریب کو کھلانا چاہتا ہے تو پھر سیٹھ یہ شتر مرغ کراچی کے ان دستر خوانوں پر کیوں نہیں کھلا رہا جہاں کھلانے والے کی تشہیر نہیں کی جاتی ؟
کیا آپ میں سے کوئی بتا سکتا ہے ان کے علاوہ ملک میں اور کس دسترخوان پر شتر مرغ کھلایا جارہا ہے ؟
تکلیف کی چوتھی وجہ لانڈھی کورنگی کا جو غریب نمائش نہیں آسکتا اس کیلئے اس کے دسترخوان پر شتر مرغ کیوں نہیں؟ کیا وہاں کے دسترخوان پر غریب کی جگہ عقیل کریم ڈیڈی عارف حبیب ملک ریاض افطار کرتے ہیں ؟
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پھر یہ سب ایسا کیوں کیا جارہا ہے اس کے پیچھے کیا مقاصد ہو سکتے ہیں !
پہلے یہ سمجھیں کہ بزنس مین پورے سال اپنے بزنس کی پروموشن کیلئے یوٹیوبر کو لاکھوں روپے دیتے ہیں جبکہ رمضان میں زکوۃ و خیرات ۔
اب یہاں بزنس مین شتر مرغ غریب کو نہیں بلکہ اس یوٹیوبر کو دے رہا ہے جس کے کئی ملین فالورز ہیں یاد رہے کئی ملین فالورز والے یوٹیوبر بزنس پروموشن کیلئے لاکھوں روپے لیتے ہیں ایسے میں اگر آپ خیرات کی نیت کر کے پچاس ہزار کے دو سالم بکرے سحری میں لے جائیں اگلا آپ کے بزنس کی پروموشن کر دے تو کیا گھاٹے کا سودا ہے ؟
اس یوٹیوبر کو دو سالم بکرے ۔ دو دیگ نہاری یا زردہ دینے کا ممکنہ پانچ فائدے ہیں ۔
1) آپ کی سخاوت کے چرچے ہوں گے ۔
2) بزنس پروموشن ہوگی ۔
3) خیرات کی نیت کر لیں ثواب ملے گا ۔
4) زکوۃ کی ادائیگی کی نیت کرلیں ۔
5) بلیک منی ہو تو لاکھ کی چیز کروڑ کی بتا کر وائٹ کرلیں ۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے یہ یوٹیوبر اتنے کم پیسوں میں بزنس پروموشن کیوں کر رہا ہے ؟ مطلب صرف دو سالم بکرے صرف دو زردے کی دیگیں صرف دو نہاری کی دیگیں ہوں تب بھی کیوں پروموشن کی جاتی ہے ؟
یہ اس لئیے کہ جواب میں وہ بزنس مین بھی مائک لیکر اس یوٹیوبر کی تعریفوں کے پل باندھ دیتا ہے اب ظاہر ہے اس بڑے بزنس مین کے بھی اپنے فالورز ہوتے ہیں ان کے بھی فین ہوتے ہیں یہ بزنس مین وہ کلپ اپنے پیج پر لگادیتا ہے تو اس کے فالورز بھی لائیک شئیر کر کے اس یوٹیوبر کی طرف چلے جاتے ہیں جو وہاں مختلف ویڈیوز دیکھنے کے بعد اس یو یوٹیوبر کے پاس اپنی پروڈکٹ لیکر پہنچ سکتا ہے اور اپنی زکوۃ اس لالچ میں وہاں دے سکتا ہے کہ میرے بزنس کی بھی پروموشن ہوجائے گی ۔
یہاں دونوں کے ایک دوسرے سے مفادات جڑے ہوئے ہیں
ایک کو کسٹمر چاہئیے اور دوسرے کو چندہ بیچ میں غریب ایک تھال بریانی کیلئے ذلیل ہورہا ہے ۔
✍️ یعقوب عالم