سابق صدرآزادکشمیرکےایچ خورشید کی اہلیہ ثریاخورشیدانتقال کرگئیں

آزاد کشمیر اسمبلی کی سابق رکن بھی تھیں۔وزیراعظم چوہدری انوار الحق کا اظہار تعزیت

آزادکشمیر کے سابق صدر کے ایچ خورشید کی اہلیہ محترمہ ثریا خورشید لاہور میں انتقال کر گئیں ۔وہ فرسٹ لیڈی اور آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی سابق رکن بھی تھیں۔ان کی نماز جنازہ آج 31 جنوری 2024 بروز بدھ بعد نماز ظہر خالد مسجد کیولری گراؤنڈ لاہو ر میں ادا کی جائے گی۔

آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نےمحترمہ ثریا خورشید کی انتقال پُرملال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے بطور فرسٹ لیڈی اور رکن قانون ساز اسمبلی محترمہ ثریا خورشید کی قومی اور ملی خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ ثریا خورشید قائد ملت کے ایچ خورشید کے شانہ بشانہ تحریک آزادی کشمیر اور آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی اور جمہوری اداروں کی پائیداری میں اپنا موثر کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں قیام کے دوران انہوں نے خاص طور پر خواتین کی ترقی کے منصوبوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔

وہ تحریک پاکستان کی بھی کارکن تھیں ،انہیں بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح سے ملاقات کا شرف بھی حاصل رہا ،وہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی بھی رفاقت میں رہیں اور جب کے ایچ خورشید تحریک پاکستان میں حضرت قائد اعظم کے ساتھ بطور پرائیویٹ سیکرٹری کام کر رہے تھے وہ ان کا حوصلہ بڑھاتی رہیں اور قیام پاکستان میں اپنا اہم کردار ادا کیا ۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو