مرتضیٰ وہاب نے صدر یو سی 13 کے چیئرمین کا الیکشن جیت لیا
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر یو سی 13 سے چیئرمین کا الیکشن جیت لیا۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی ایک بار پھر سب سے آگے نظر آئی۔
صدر ٹاؤن کی یو سی 13 سے مرتضیٰ وہاب تین ہزار 976 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کراچی کے صدر ٹاؤن کی یو سی 13 سے مرتضیٰ وہاب 3 ہزار 976 ووٹ حاصل کرکے جیت گئے۔ جماعت اسلامی کے نور السلام ایک ہزار 566 ووٹ حاصل کر سکے۔
خیال رہے کہ مرتضیٰ وہاب ابراہیم حیدری کے حلقے سے بھی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔
کراچی میں ٹاؤن میونسپل کمیٹی ماڑی پور یوسی 3 کا مکمل غیر سرکاری نتیجہ جاری کردیا گیا۔
ریٹرننگ آفیسر کیماڑی کے مطابق پیپلز پارٹی کے سیف اللّٰہ نور 5466 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوگئے، جماعت اسلامی کے محمد حسین 788 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، ن لیگ کے شاہد اقبال 606 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں سے ملاقات
یو سی 3 ماڑی پور ٹاؤن میں ٹرن آؤٹ 29 فیصد رہا، رجسٹرڈ 25 ہزار 512 میں سے 7485 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق صدر کراچی کی یو سی 6 میں پی ٹی آئی کے منصور شیخ 1363ووٹ لے کر وائس چیئرمین منتخب ہوگئے، یوسی 6 میں وائس چیئرمین کی نشست پر تحریک لبیک کے محمد شاہ رخ 657 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
کراچی میں ٹاؤن میونسپل کمیٹی ناظم آباد وارڈ 3 پر جنرل ممبر کی نشست کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ سامنے آیا جس کے مطابق جماعت اسلامی کے جنرل ممبر کے امیدوار طلحہ احمد 364 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں موٹروے پر تبلیغی جماعت کی مسافر بس الٹ گئی
حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے رہے، کراچی میں مرتضیٰ وہاب کی جیت کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جشن منایا۔
کراچی میں 3 یونین کونسلز کے چیئرمین/ وائس چیئرمین اور 3 جنرل کونسلرز کے ضمنی بلدیاتی انتخاب کےلیے پولنگ ہوئی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر ٹاؤن میں یو سی 13 جبکہ ڈپٹی میئر سلمان عبداللّٰہ مراد نے گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 7 سے چیئرمین کا ضمنی الیکشن لڑا۔
ضلع ملیر، ضلع کیماڑی، ضلع جنوبی میں چیئرمین کی نشستوں پر انتخابات ہوئے جبکہ ضلع ملیر اور ضلع جنوبی میں وائس چیئرمین کی نشستوں پر بھی پولنگ ہوئی۔
کراچی کے ضلع ملیر، ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں وارڈ ممبران کی نشستوں پر انتخابات ہوئے،
ضلع جنوبی صدر ٹاؤن یوسی 13 سے چیئرمین کی نشست کے لیے 7 امیدوار مد مقابل تھے۔
121 پولنگ اسٹیشن میں سے 42 کو انتہائی حساس اور 79 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔
ضلع ملیر میں 46، ضلع شرقی میں 3، ضلع کیماڑی میں 17، ضلع وسطی میں 7 اور
ضلع جنوبی میں 48 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے۔