بلیو ورلڈ ۔ ایولون اور عبداللہ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹیز سیل کر دی گئیں

راولپنڈی انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزبلیو ورلڈ ۔ ایولون اور عبداللہ سٹی کے دفاتر سیل کر دیئے ہیں۔ جبکہ مذکورہ سوسائٹیز کےمالکان کے خلاف 345 مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ۔علاوہ ازیں رجسٹرڈ کمپنیوں کے سیکورٹی گارڈز رکھنے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ ہمراہ آر پی او راولپنڈی سید خرم علی کی زیر صدارت پولیس سٹیشن چونترہ میں اعلی سطح کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ’ سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی’ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت علی’ ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ سمیت انتظامیہ’ پولیس اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آر ڈی اے کی جانب سے چار روزہ کامیاب آپریشن کیا گیا اور اس دوران تین غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں بلیو ورلڈ سٹی، ایولون سٹی اور عبداللہ سٹی کے خلاف کارروائی کی گئی ۔

صرف 70 نجی ہاؤسنگ سکیمیں آر ڈی اے سے منظور شدہ ہیں

0ee15d02 c7cd 493b 9f97 278867fb8279 jpg

آپریشن ٹیم نے غیر قانونی سوسائٹیز کے بنکرز، گیٹس اور دفاتر کو سر بمہر کر دیا۔آر ڈی اے نے منظور شدہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں بل بورڈز’ پرنٹ’ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہی دینے کے لیے تشہیر کی۔70 نجی ہاؤسنگ سکیمیں آر ڈی اے سے منظور شدہ ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کی جانب سے قتل ‘قبضہ’ فائرنگ سمیت غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں 345 مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 270 مقدمات غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں درج کیے گئے ہیں اور ان مقدمات میں ملوث میں 274 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

عوام غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔کمشنر راولپنڈی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرلیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ عوام غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے ذریعے لوگوں کو مالی نقصان پہنچایا گیا۔ زمینوں پر قبضے کاسد باب ہونا چاہیے۔میڈیا’سوشل میڈیا ‘یوٹیوبرز اور بل بورڈز کے ذریعے عوام کو آگاہی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائز نہیں، کمپیوٹرائز کر لیا جائے گا۔ہاوسنگ سوسائٹیز متعلقہ تھانے سے جانچ پرتال کے بعد رجسٹرڈ کمپنیوں کے سیکورٹی گارڈز رکھنے کی پابند ہوں گی۔

d9e41801 425e 4c8d a6e8 d5935d3ea462 jpg

کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ وہ اور آر پی او راولپنڈی آپریشن کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا جائے گا۔آر ڈی اے اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے وہ افسران جو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی سرگرمیوں کا حصہ تھے’ ان کو معطل کر کے پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کا اغاز کر دیا گیا ہے۔غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹ خریدنے اور بیچنے پر مکمل پابندی ہے۔ آر ڈی اے کی ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں تفصیلات درج کی جاتی ہیں۔

آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے کہا کہ غیر قانونی ہتھیار رکھنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔وہ سکیورٹی گارڈ جو رجسٹرڈ کمپنیوں سے نہیں لیے گئے انہیں اور ان کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا جائے گا۔ پچھلے چند سال میں درج کرائے گئے مقدمات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔سب کاروائیاں قانون کے دائرے میں ہوں گی۔

عوام کو لوٹنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

images

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی وجہ سے امن و امان کے مسائل پیدا ہوئے۔سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف موثر کاروائی کے لیے پولیس انتظامیہ کے ساتھ مل کر آپریشن کر رہی ہے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی جانب سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلانے کے لئے فائرنگ کی جاتی تھی جس پر گزشتہ 6 ماہ میں موثر کنٹرول کیا گیا ہے۔فائرنگ اور ناجائز اسلحہ کے خلاف قانون کے مطابق بھرپور کارروائی کی جائے گی۔آپریشن کے بعد بھی فورس علاقے میں موجود رہے گی تاکہ قبضہ مافیا دوبارہ سرگرم نہ ہو۔

Blue World Avalon and Abdullah City Housing Societies sealed,بلیو ورلڈ ۔ ایولون اور عبداللہ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹیز سیل
ایک تبصرہ چھوڑ دو