ڈیفنس کار حادثہ،ملزم کی عمر کے تعین کیلئے پولیس نے دانتوں کا ٹیسٹ کروالیا

ڈیفنس کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر ملزم افنان کی عمر کے تعین کے لیے پولیس نے دانتوں کا ٹیسٹ کروالیا، ہڈیوں کا ایکسرے، ملزم کا فوٹو گرامیٹیکل ٹیسٹ اور پولی گراف بھی کرایا جائے گا جبکہ پولیس نے مختلف ویڈیوز سے بھی تفتیش میں پیشرفت حاصل کرلی۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں گاڑی کے ٹکرانے سے 6 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر پولیس نے سائنٹیفک بنیادوں پر کیس میں پیشرفت کا آغاز کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزم افنان شفقت کا دانتوں کا ٹیسٹ کرالیا گیا اور ہڈیوں کا ایکسرے بھی کرایا جائے گا، افنان شفقت کی اوسیفکیشن ٹیسٹ کی رپورٹ 4 ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ کو پیش کی جائے گی۔

ملزم کے گھر سے جائے وقوعہ کا فاصلہ 8 سے 9 کلومیٹر کے درمیان ہے، واقعے کی رات ملزم افنان جب گھر سے نکلا تو اس کی والدہ اور والد سامان لیکر داخل ہو رہے تھے۔

تفتیش کے دوران پولیس کو جائے وقوعہ کے قریب ایک گھر کے کیمرے اور ملزم کے فلیٹ کے باہر لگے کیمرے کی ویڈیو مل گئی، ان ویڈیوز کو ملزم کے فوٹو گرامیٹکل ٹیسٹ کے ذریعے میچ کیا جائے گا اور ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق افنان شفقت گھر سے گاڑی پر اکیلا 8 بج کر 45 منٹ پر نکلا، وقوعہ کے قریب ایک انٹرنیشنل فاسٹ فوڈ چین کے باہر لگے کیمروں میں گاڑی کو تیزی سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا، پولیس کو کی پہلی کال 9 بج کر 10 منٹ پر جبکہ دوسری کال 9 بج کر 23 منٹ پر موصول ہوئی۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو