آزاد کشمیر میں زرعی اجناس کی آمدو رفت کی مانیٹرنگ شروع

آزاد کشمیر میں زرعی اجناس کی آمدو رفت کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے۔ اس مقصد کیلئےانٹری پوائنٹس پر عملہ تعینا ت کر دیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد ریاست میں اناج کی ضروریات اور پیداوار میں فرق کا تعین کرنا ہے تاکہ مستقبل میں غذائی تحفظ کیلئے ضروری تیاری کی جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری زراعت،لائیوسٹاک، آبپاشی و سمال ڈیمز کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے آزاد کشمیر میں آنے والی زرعی اجناس اور آزادکشمیر میں پیدا ہونے والی فصلوں، سبزیوں اورپھلوں کی پاکستان کے مختلف علاقوں میں ترسیل سے متعلق مکمل اعدادوشمار کے حصول کیلئے محکمہ زراعت نے آزادکشمیر کے تمام داخلی راستوں پر عملہ مامورکر دیا ہے جو شیڈول کے مطابق ہمہ وقت ان انٹری پوائنٹس پر موجود رہ کر معلومات اکٹھی کررہا ہے، تا کہ آزادکشمیر میں پیدا ہونے والی کون کونسی سی اجناس کس قدر بیرون آزادکشمیر جارہی ہیں اور کون کون سی اجناس کتنی مقدار میں آزادکشمیر لائی جا رہی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ ریاست میں اناج کی ضروریات اور پیداوار کے درمیان فرق کو واضح کیا جاسکے اور مستقبل میں غذائی تحفظ کیلئے منصوبہ بندی کرتے ہوئے ریاست کو زرعی اجناس کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ انٹری پوائنٹس پر عملہ کی معاونت کیلئے سیکرٹریٹ زراعت کی سطح سے آزادکشمیر کے تینوں ڈویژنز کے کمشنر زکو بھی مکتوب تحریر کئے گئے ہیں۔
انچارج ناظم زراعت توسیع نے انٹری پوائنٹس پر مامور عملہ کی مانیٹرنگ اور ریکارڈ کی پڑتال کیلئے شعبہ توسیع کے آفیسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر مختلف مقامات پر اچانک انٹری پوائنٹس پر عملہ کی حاضری اور ریکارڈ کا معائنہ کررہی ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ زراعت مستقبل قریب میں شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبہ جات کی تیاری اور فوڈسیکیورٹی کے حوالہ سے پالیسی مرتب کرنے کیلئے آزادکشمیر بھر میں زرعی اعدادوشمار حاصل کرنے کے کام کا آغاز کررہا ہے۔
اس دوران گاؤں کی سطح پر زرعی اجناس کی پیداوار سے متعلق معلومات حاصل کی جائیں گی جس کیلئے باقاعدہ پروفارمہ مرتب کیا گیا ہے۔ گاؤں کی سطح پر فیلڈ اسسٹنٹ زمینداران کے ساتھ گروپ میٹنگ کے دوران یہ پروفارمہ پر کرے گا جس میں لوکل منتخب نمائندگان کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
Monitoring of movement of agricultural commodities in Azad Kashmir started,آزاد کشمیر میں زرعی اجناس کی آمدو رفت کی مانیٹرنگ شروع