ہزارہ میں نادہندہ صنعتوں اور اداروں کے بجلی کنکشن کاٹنے کاحکم

ہزارہ ڈویژن میں نادہندہ صنعتوں اور اداروں کے بجلی کنکشن کاٹنے کاحکم دے دیا گیا ہے۔
کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی ہے کہ نادہندہ اداروں کے میٹراو رٹرانسفارمر اتاردیے جائیں۔ اس حوالے سے ہرضلع کے ڈپٹی کمشنر سے روزانہ ریکوری ڈیٹا شیئر کیا جائے۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر السلام نے کہا ہے کہ عوام کی عزت نفس، چادر اور چار دیواری کا خیال رکھتے ہوئے ہزارہ ڈویژن کے پیسکو کے تینوں سرکلز میں بجلی چوری، بجلی کے بلوں کی وصولی اور بجلی بل نادہندہگان سے وصولی کا ٹارگٹ 100 فیصدحاصل کرنا ہے۔ اس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ پیسکو آپریشن میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی ائی جی ہزارہ محمد اعجاز خان،ہزارہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، ایس ای پیسکو واپڈا سرکل ون محمد راشد سرکل ٹو شوکت اللہ اور ایکسین شانگلہ محمد زکریا کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ اس وقت بجلی بلوں کی وصولی، بجلی چوری کی روک تھام اور ٹیکسز کی وصولی اور بارڈر مینجمنٹ ہمارا قومی ایجنڈا ہے اس کے بغیر ہمارا ملک نہیں چل سکتا۔ انہوں نے ایس ایز پسیکو واپڈا اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام گھریلو،کمرشل،سرکاری اور انڈسٹری سے بلوں کی وصولی ہر صورت میں کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن میں ٹیکسز کی وصولی اور بجلی کے بلوں کی ریکوری 99 فیصد ہے اس کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سر کل ٹو میں 250 انڈسٹریل یونٹ ہیں۔ اسی طرح ضلع بٹگرام اورتورغر میں بھی بجلی کے بقایا جات موجود ہیں ان کو فوری طور پر ریکور کیا جائے اور ہر ضلعی سطح پر ٹارگٹ مقرر کیاجائے۔ انہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ ہر ڈپٹی کمشنر سے ریکوری کے حوالے سے روزانہ کی بنیادوں پر ڈیٹا شیئر کیا جائے اور اس میں کسی قسم کی غلطی نہ ہو۔
Order to cut electricity connection of insolvent industries and institutions in Hazara،ہزارہ میں نادہندہ صنعتوں اور اداروں کے بجلی کنکشن کاٹنے کاحکم