top header add
kohsar adart

کمشنر راولپنڈی کے الزامات 9 مئی پارٹ ٹو ہیں،ن لیگ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات نو مئی پارٹ ٹو ہیں، لیاقت علی چٹھہ کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے بغیر کسی ثبوت سیاست پر حملہ کیا، پی ٹی آئی کی تاریخ ہے انہوں نے کبھی انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کیا، مجھے خوف ہے کہ ایک اور 9 مئی کا واقعہ ہو رہا ہے، ہم نے 9 مئی سے بھی سبق نہیں سیکھا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی انتشار کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہر سے ملک کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے مہم چلائی جارہی ہے، ان لوگوں نے نو مئی سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا، ان کی سازش اور ملک دشمن مہم رکنے کا نام نہیں لے رہی۔

ملک احمد خان نے کہا کہ کل سے ملک میں ایک ہیجان سی صورتحال بنائی ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی تاریخ ہے انہوں نے کبھی انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کیا، یہ حکومت میں ہوں تب بھی انتخابات کے نتائج کو نہیں مانتے۔

ن لیگ کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ 2014 کے دھرنے کے پیچھے بھی انتخابی دھاندلی کو جواز بنایا گیا، کہا گیا الیکشن ٹربیونل کی کوئی ضرورت نہیں بس 4 حلقے کھول دیں، پھر 35 پنکچر پر بھی صدرعارف علوی کی جانب سے معافی مانگی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کا الیکشن پراسس سے کوئی تعلق نہیں، کمشنر راولپنڈی کا الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، کمشنرراولپنڈی آر او ہیں نہ ہی ڈی آر او نہ ہی ان کا کوئی تعلق ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ کل کی صورتحال کے بعد خوفناک مہم شروع کی گئی، یہ لوگ اپنی انتشاری مہم سے بعض نہیں آرہے، ان لوگوں نے 9 مئی کو بھی افواج پاکستان کے خلاف مہم چلائی، 9 مئی کے دن ایئربیس پر حملے ہوئے، ایمبولینسز تک جلائی گئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت کیا دیکھ رہی ہے کس چیز کا انتظار ہے، ایک شخص کے کردار سے متعلق آپ کو پہلے سے پتہ ہے، نگران حکومت سے مطالبہ ہے ان لوگوں کی سرکوبی کریں۔

ملک احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ڈرگ مافیا کے طریقہ کار کو اپناتے ہیں، بلاجواز چیف جسٹس پاکستان پر الزام لگایا گیا، اگر کمشنر راولپنڈی کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو پیش کرتے۔ یہ سب 9 مئی پارٹ ٹو ہے، ملک کو آگ لگانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کی سرکوبی کی جائے، یہ سیاسی نہیں ہیں بلوائی ہیں جو ریاست پر حملہ آور ہوں گے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جاگ جائیں 9 مئی کا دوبارہ واقعہ ہونے جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More