کرنل شیر خان شہید کی یادگار توڑنے والا ملزم گرفتار
رحمت اللہ کو مردان کے علاقے گجرگڑھی سے پکڑاگیا-گرفتاری تحقیقاتی اداروں کی مددسے ہوئی

خیبرپختونخوا کی پولیس نے 9 مئی کے پُرتشدد مظاہروں کے دوران کارگل جنگ میں داستان شجاعت رقم کرنے والےکرنل شیر خان شہید کا مجسمہ توڑنے کےملزم کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے ویڈیوز کی مدد سے شناخت کے بعد ملزم رحمت اللہ کو مردان کے علاقے گجر گڑھی سے گرفتار کیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم نے نو مئی کو ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے دوران مردان میں پنجاب رجمنٹ سینٹر کے باہر نصب کرنل شیر خان شہید کا نصب مجسمہ اکھاڑ کر اسے توڑ دیا تھا۔ملزم کی گرفتاری تحقیقاتی اداروں کی مدد سے عمل میں آئی اور اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں اس مذموم حرکت پر پشیمانی ظاہر کرتے ہوئےکہا ہے کہ مجھ سے بہت بڑی غلطی ہو گئی، تاہم اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔