کراچی،بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں 2 بھائیوں کا قتل،لواحقین کا احتجاج
کراچی میں بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں گزشتہ رات فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔ لواحقین نے آج لاشیں سڑک پر رکھ کر حب ریور روڈ بند کیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل اور اے این پی کے رہنما شاہی سید بھی احتجاج میں پہنچے۔
احتجاج کے شرکاء نے حب ریور روڈ کے دونوں ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کیا، اور سڑک پر آگ لگائی۔
احتجاج کے باعث حب ریور روڈ کئی گھنٹے تک بند رہا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کا منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا۔
مظاہرے کے وقت پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل اور اے این پی کے رہنما شاہی سید بھی پہنچے اور انھوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
اتحاد ٹاؤن محمد خان چوکی کے قریب ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب جھگڑے میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دو سگے بھائیوں کی شناخت حسین اور فاروق کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کےمطابق معمولی تلخ کلامی پرجھگڑا شروع ہوا تھا اس دوران فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق ہوئے، پولیس نے مقتولین کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ایک ملزم منصور کو گرفتار کیا۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے بعد ورثا نے احتجاج ختم کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید چار ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔