پی آئی اے کا مالی بحران شدید،ایندھن سپلائی بند ہونے سے آپریشن متاثر

پی آئی اے کا مالی بحران پھر شدید ہو گیا ہے جس کے بعد واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے قومی ایئرلائن کو تیل فراہمی روک دی ہے۔واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث لاہور سے مدینہ ننورہ جانے والی پرواز کو ایندھن نہیں دیا گیا،تاہم بعد ازاں مذاکرات کے بعد قومی ائرلائن کے طیاروں کو پی ایس او نے فیول کی سپلائی بحال کردی۔
تفصیلات کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پی ایس او نے پی آئی اے کو جیٹ فیول دینے سے انکار کر دیاہے۔ قومی ائر لائن کی دو پروازیں لاہور ایئرپورٹ پر روک دی گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق بدھ کی شام 5 بجے لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 305 اور 6 بجے لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 741 کو تیل فراہم نہیں کیا گیا۔بعدازاں ترجمان کے بیان کے مطابق ایندھن کی سپلائی بحال ہونے پر پروز روانہ کر دی گئی تاہم اس میں کئی گھنٹے لگ گئے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ سنگین مالی مسائل کا شکار پی آئی اےکا کینیڈا کے لیے فضائی آپریشن لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی کے باعث بند ہونےکا خدشہ ہے۔تاہم پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہینڈلنگ ایجنسی اور فیول کمپنی کے دو لاکھ ڈالر کے واجبات کی ادائیگی کر دی گئی ہے، پاکستان سے ٹورنٹو کے لیے فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد اور لاہور سے ٹورنٹو کے لیے دو طرفہ چار پروازیں ہفتہ وار روانہ ہوتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں ٹورنٹو ائر پورٹ پر ہینڈلنگ ایجنسی کے ساتھ واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پرواز کی لاہور روانگی میں تاخیر ہوئی۔ ہینڈلنگ ایجنسی اور فیول کمپنی کے دو لاکھ ڈالر کے واجبات تھے، تاہم پی آئی اے انتظامیہ نے یہ واجبات بروقت ادا نہ کئے، لیکن جب طیارہ روکا گیا، تو ادائیگی کر دی گئی۔پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا میں نظام الاوقات کے فرق کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہوگئی جس کی وجہ سے پرواز اپنے مقررہ وقت سے چار گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔
PIA's financial crisis is severe, operations affected due to fuel supply stoppage،پی آئی اے کا مالی بحران شدید،ایندھن سپلائی بند ہونے سے آپریشن متاثر