نوابشاہ میں رینجرز کے ساتھ مقابلہ، 4 ہلاک ، 5 زخمی

نوابشاہ میں رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 ہلاک
سندھ کے شہر نواب شاہ کی تحصیل سکرنڈ کے نواحی گاؤں ماڑی جلبانی میں مشتبہ ہائی ویلیو ٹارگٹ کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 رینجرز اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں 4 افراد ہلاک اور 5 شدید زخمی ہو گئے۔
نواب شاہ کے قریب رینجرز سے تصادم اور ہلاکتوں کے بعد حالات کشیدہ
ایس ایس پی نواب شاہ کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیاہے کہ سکرنڈ کے قریب ماڑی جلبانی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی تھی جس کے دوران دیہاتیوں نے پولیس اور رینجرز پر حملہ کر دیا جس میں 3 رینجرز اہلکار زخمی ہوئے اور پھر پولیس اور رینجرز کی جوابی فائرنگ میں تین افراد جاں بحق اور پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔‘
بی بی سی نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ حارث نواز نے کہا ہے کہ رینجرز اور پولیس نےایک خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی جس میں دو مشتبہ افراد مارے گئے اور چار رینجرز اہلکار زخمی ہوئے۔
دوسری جانب گاؤں والوں کی جانب سے پولیس اور سیکیورٹی اداروں پر فائرنگ کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ میں کچے کے علاقے میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصرکے خلاف آپریشن کچھ عرصہ سے جاری ہے۔ مذکورہ واقعہ سکرنڈ شہر سے 12 کلومیٹر دور کچے کے قصبے میں پیش آیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس واقعے کے بعد ہلاک اور زخمی افراد کو ڈاٹسن پک اپ اور چنگچی رکشوں کے ذریعے نواب شاہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب ماڑی جلبانی گاؤں کے رہائشیوں نے لاشوں سمیت قومی شاہراہ پر دھرنا دے رکھا ہے جس میں شہر کی سیاسی سماجی تنظیمیں بھی شامل ہوگئی ہیں۔