
میری رفتار کوئی نہیں چرا سکتا
ڈاکٹر محمد اعظم رضا تبسم
They have taken away my gold medal,not my speed
آپ نے ایک کھلاڑی بن جانسن کا نام سنا ہو گا، جس نے کھیلوں کے میدان میں اپنا نام آپ پیدا کیا۔ دوڑ کے ایک مقابلہ میں اس نے 1988 میں گولڈ میڈل جیتا مگر اگلے ہی دن کسی کے اس پر بے ایمانی کا الزام لگانے پر ججز کی ٹیم نے بغیر تحقیق کیے اس سے اس کا میڈل واپس لے لیا۔ یہی نہیں بلکہ دو سال کے لیے اس پر کسی بھی کھیل میں حصہ لینے پر پابندی بھی لگا دی ۔ اگرچہ اسے اس بات کا بہت افسوس ہوا مگر اس وقت اس نے خاموشی اختیار کر لی اور مسلسل مشق کرتا رہا ۔
پھر 1992 میں اس نے اولمپکس کا میدان مار لیا۔ اس وقت اس نے اپنے ایک انٹرویو میں روتے ہوئے ماضی کے تلخ واقعہ کا ذکر کیا اور سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ایک تاریخ ساز جملہ کہا۔۔۔
"انہوں نے مجھ سے میرا سونے کا تمغہ چھینا ہے نہ کہ میری رفتار۔”
بن جانسن نے کہا کہ اس حادثے نے انہیں بے حد اذیت دی لیکن انہوں نے حادثے کو سوچنا بند کر دیا ۔ پھر یہی سوچ کر رننگ ٹریک پر روزانہ 4 گھنٹے صبح اور 4 گھنٹے شام کو مشق کی اور اپنے آپ کو اولمپکس میں منوایا ۔
حادثات اور حاسدین کا کیا خوف جب اللہ کسی کو کامرانی عطا کرنا چاہے تو لوگ چاہ کر بھی کچھ چرا نہیں سکتے۔ چھننے والا ہمیشہ آپ سے کوئی چیز چھینتا ہے نہ کہ آپ کی صلاحیتوں کو ۔آپ کا وجود پھر بھی پوری صلاحیتوں کے ساتھ آپ کے پاس ہوتا ہے۔ آپ اپنی سوچ کو مثبت رکھتے ہوئے اور اپنی صلاحیتوں کے بھرپور استعمال سے ایک نئی تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔ کسی حادثے کو سر پر سوار مت کریں۔ حاسدین کی ریشہ دوانیوں کے خلاف اللہ کی پناہ میں آئیں۔ کسی کے طعنہ و دشنام کو دل کا روگ مت بناٸیں۔ اگر آپ کے پاس صلاحیت ہے تو اپنا سفر جاری رکھیں۔
دنیا میں دس چیزیں ایسی ہیں جو کوئی بھی آپ سے چوری نہیں کر سکتا۔۔۔۔
Your uniqueness
آپ کی انفرادیت یعنی وہ خاص صلاحیت جو اللہ تعالی نے خصوصی طور پر آپ کو ودیعت کی ہے ۔ بس اسے پہچاننا ہے ۔ آپ کو متاثر نہیں مؤثر بننا ہے۔
How you feel about yourself
اپنے بارے میں آپ جو محسوس کرتے ہیں بس اس پر بھروسہ کیجیے۔ خود کو باور کروائیے کہ آپ کر سکتے ہیں۔ آپ جیت سکتے ہیں ۔ آپ تاریخ میں اپنا نام لکھوا سکتے ہیں ۔
Your intuition
آپ کا وجدان ، یعنی ضمیر ، اندر کی طاقت ، وہ خفیہ طاقت ہے جو آپ کوصحیح اور غلط میں فرق سمجھائے رکھتی ہے ۔
Your passion
آپ کا وہ جذبہ جو آپ کو طاقت دیتا ہے، آپ کو منفرد رہنے پر ابھارتا ہے وہ ہر کسی کے پاس نہیں ہوتا ۔ اسے زندہ رکھیں۔
Your attitude
آپ کا رویہ، آپ کا حسن اخلاق اور حسن سلوک جس کی مدد سے آپ دوسروں کے دل میں اتر جاتے ہیں ۔ اصل حکومت وہی ہوتی ہے جو دل پر کی جاتی ہے ۔
Your determination
آپ کا مصمم ارادہ ایک اہم قوت ہے جس کی مدد سے انسان اپنی منزل پر پہنچ سکتا ہے ۔ جیسا کہ اقبال نے کہا ہے۔
ارادے جن کے پختہ ہوں، نظر جن کی خدا پر ہو
طلاطم خیز موجوں سے وہ گھبرایا نہیں کرتے
Your ability to spread love and kindness
عاجزی، انکساری اور لوگوں سے مہربانی ایسے اوصاف ہیں جن سے نہ صرف آپ کے مداحین کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ آپ کی صلاحیتوں میں بھی نکھار پیدا ہوتا ہے ۔
Your hope
آپ کی امید آپ کی کامیابی میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انسان کو پر امید رہنا چاہیے۔ امید کی کرن ہی انسان کو راہ دکھلاتی ہے۔ آپ کا پر امید ہونا کوئی بھی آپ سے نہیں چرا سکتا ۔
Your knowledge and life experiences
آپ کا علم اور تجربہ سب سے بڑھ کر اہمیت کے حامل ہیں ۔ کوئی آپ کی بنائی ہوئی چیز چرا لے تو اس نے چیز ہی چرائی ہے، آپ کے بنانے کی صلاحیت نہیں ۔ بلکہ جب آپ دوبارہ وہی چیز بنائیں گے تو آپ کا وہ تجربہ بھی اس کی بناوٹ میں شامل ہو جائے گا جو پہلی بار بنانے سے حاصل کیا۔ اس طرح وہ چیز اس تجربے کی بنا پر پہلے سے زیادہ خوبصورت اور معیاری بنے گی ۔
Your choice to move on emotionally
آپ کے وہ سچے جذبات جو آپ کو آگے بڑھنے کی تحریک دیتے ہیں اگر ایسے جذبات زندہ ہیں تو آپ یقینا ہر لمحہ اور ہر چیز سے کچھ نیا سیکھتے ہیں اور کچھ نیا کرتے ہیں۔ آپ کی یہ صلاحیت کوئی نہیں چرا سکتا ۔۔
ڈاکٹر اعظم رضا تبسم
03317640164