میجر سمیت 3 سیکیورٹی اہلکار مادر وطن پر قربان

میرانشاہ اور تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار پاک فوج کے میجر سمیت 3 اہلکاروں نے مادر وطن پر جان قربان کر دی جبکہ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں آپریشن کی قیادت کرنے والے 29 سالہ میجر عامر عزیز اور 27 سالہ سپاہی محمد عارف شہید ہوگئے۔واقعے کے بعد علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا گیا۔
ادھر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں فورسز دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کیخلاف متعدد کارروائیوں کے علاوہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں صوابی کے رہائشی 36 سالہ حوالدار منتظر شاہ شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق دہشت گردوں کیخلاف سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
3 security personnel, including a major, sacrificed themselves for the motherland