مردان میں قبضہ مافیا نےریلوے پولیس کے دو اہلکار شہید کر دیئے
دو حملہ آور موقع سے گرفتار. تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا اعلان

مردان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کی مبینہ فائرنگ سے ریلوے پولیس کے دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ریلوے ٹیم نے دو حملہ آوروں منصف اور جمشید کو موقع سے گرفتار کرلیا جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ریلوے ترجمان کے مطابق انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کہ مردان ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع زمان سنز ریلوے گودام کو عدالتی احکامات کے برخلاف ڈی سیل کیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملنے پر فوری طور پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم تشکیل دی گئی ،جو صبح 9 بجے گودام کے پاس پہنچی تو ٹیم پر قابضین کی جانب سے فائرنگ کر دی گئی جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل محمد وقاص اور کانسٹیبل عمر خان شہید ہو گئے۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں منصف اور جمشید کو موقع سے گرفتار کر لیا۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق قابضین نے ایڈیشنل سیشن جج مردان کے احکامات کے بر خلاف گودام کی ایک سائیڈ کو ڈی سیل کیا۔ چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ پشاور کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ، حملہ آوروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے جبکہ ریلوے کی زمینوں پر قابضین کے خلاف مہم جاری رہے گی ۔آئی جی ریلویز پولیس نے افسوس ناک واقعے پر کہا ہے کہ شہید کانسٹیبلز ہمارا فخر ہیں، ان کے ورثاکو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔