لاہور اور فیصل آباد میں ٹریفک حادثات،11افراد جاں بحق

لاہور اور فیصل آباد میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تیز رفتار گاڑیوں میں تصادم، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق تیز رفتار گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں تیز رفتار گاڑیوں میں تصادم کے باعث 6 افراد شدید زخمی ہوئے، تمام افراد کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں رخسانہ، عنابیہ، حذیفہ، محمد حسین، سجاد، عائشہ شامل ہیں۔
پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تصادم کا شکار گاڑیوں کو مین روڈ سے ہٹایا، جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے تاہم واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔
حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور شاداب کالونی کے رہائشی تھے۔
علاوہ ازیں رائیونڈ روڈ پر ٹریلر اور وین میں تصادم کا واقعہ پیش آیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق میت اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت ندیم کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد میںمسافر بس کی کار اور ٹریکٹر کو ٹکرکے نتیجے میں 5افراد جان کی بازی ہار گئے۔
افسوس ناک حادثہ کھرڑیانوالہ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر بس کار اور ٹریکٹر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ10 زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتےہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ۔
ریسکیو کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 کار سوار اور ایک ٹریکٹر ڈرائیورشامل ہے۔