عید الفطر پر کوٹ لکھپت جیل لاہور سے61 قیدی رہا

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تحائف بھی دیئے،عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن نے دیت وجرمانو ں کے 11 کروڑ ادا کئے

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بدھ کے روز سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور عیدالفطر کے موقع پر سنٹرل جیل کے 61 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں سے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن نے دیت اور جرمانو ں کی مد میں قیدیوں کے ذمہ واجب الادا11 کروڑ روپے ادا کئے۔

دیت اور جرمانوں کی ادائیگی کے بعد سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں 61 اسیران کی رہائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔ محسن نقوی نے رہا ہونے والے قیدیوں کو عیدی بھی دی۔ رہا ہونے والے قیدی عیدالفطر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ منا سکیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسیران کو رہائی کے بعد معاشرے کا مفید شہری بن کر دکھانا ہے۔باہر جا کر کسی سے لڑنا ہے نہ جھگڑنا ہے بلکہ ذمہ دار شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنی ہے۔

WhatsApp Image 2023 04 19 at 9. 1

اس موقع پر  محسن نقوی نے جیل ملازمین کیلئے پولیس شہداء پیکیج کی طرز خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ جیل ملازمین کی تنخواہوں کے پیکیج پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔جیل ملازمین کے پروموشن کیسز کو جلد نمٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات کے دوران قیدیوں کے ساتھ عزیز و اقارب کی ملاقاتوں میں مزید سہولت اور آسانی دی جائے گی۔تقریب سے آئی جی جیل خانہ جات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن بریگیڈیئر (ر) خالد بشیر نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، آئی جی جیل خانہ جات، چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن بریگیڈیئر (ر) خالد بشیر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔
ایک تبصرہ چھوڑ دو