عمران خان نے اسٹبلشمنٹ کو مفاہمت کا پیغام دے دیا
فوج سے لڑائی پاگل پر ہوگا۔ سربراہ تحریک انصاف

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسٹبلشمنٹ کو مفاہمت کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج سے لڑائی پاگل پر ہوگا۔ میرے، اعظم سواتی اور شہباز گل کے ساتھ جو بھی کچھ ہوا اس کو بھلا کر آگے بڑھنے کو تیار ہوں ۔فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کے مجھ پر حملہ کیا گیا میری پارٹی کے لوگوں شہباز گل اور اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہوا، میں سب معاف کر کے آگے بڑھنے کو تیار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نے کورونا کے دوران اور پولیو کے خلاف مہم میں اہم کردار ادا کیا ۔ اسی طرح ہمیں احتساب کے لیے اور اسمگلنگ روکنے کے لیے فوج کی مدد درکار ہو گی۔ فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں۔
ملاقات کرنے والے صحافیوں کے مطابق عمران خان نے ق لیگ کے پی ٹی آئی میں انضمام کی خواہش بھی ظاہر کی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کی کھل کر تعریف کی اور کہا کہ ق لیگ کے بڑوں کوبھی مونس نے ہی راضی کیا اور انہیں بتایا کہ ہمارا مستقبل پی ٹی آئی کے ہی ساتھ ہے۔
عمران خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں میڈیا چینل بند کرنے، صحافیوں کو ملازمتوں سے نکالنے اور میڈیا سے زیادتیوں سے ان کا کوئی واسطہ نہیں تھا۔