صدارتی آرڈیننس کے خلاف لانگ مارچ کوہالہ انٹری پوائنٹ پہنچ
آزادکشمیر کے راولاکوٹ، باغ، دھیرکوٹ سے آنے والے قافلے کوہالہ انٹری پوائنٹ پہنچ گئے۔ شرکا نے پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے پل پر دھرنا دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں صدارتی آرڈیننس کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی اور وزرا کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد مظفر آباد میں مظاہرین انٹری پوائنٹ برارکوٹ کی جانب رواں دواں ہیں۔ پونچھ ڈویژن میں مظاہرین نے کوہالہ انٹری پوائنٹ اور پلندری میں ڈھلکوٹ کے انٹری پوائنٹ کو بند کر دیا۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر شوکت نواز میر کا کہنا ہے کہ ۔۔۔۔
"سب سے آگے میں ہوں، باقی لوگ میرے پیچھے چلیں گے”
ہڑتال میں نرمی کے باوجود شہر کے تمام مرکزی کاروباری ادارے، بازار اور تعلیمی ادارے بدستور بند ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی اور وزراء کی مذاکراتی ٹیم کے مابین ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ وزراء کی کمیٹی آدھ گھنٹے کا ٹائم لے کرگئی تھی لیکن واپس نہ آئی۔
راولاکوٹ، باغ، دھیرکوٹ سے آنے والے قافلے کوہالہ انٹری پوائنٹ پہنچ گئے۔ شرکا نے پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے پل پر دھرنا دے دیا۔ ہزاروں مظاہرین شدید سرد موسم کے باوجود انٹری پوائنٹ پر موجود ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی کا لانگ مارچ برارکوٹ کے مقام پر پہنچ گیا۔ مظاہرین کی بڑی تعداد خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پوائنٹ پر دھرنا دے کر بیٹھ گئی۔
یاد رہے کہ حکومت آزاد کشمیر نے ایک ماہ قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے احتجاجی جلسے، جلوس اور مظاہروں پر پابندی لگائی تھی۔ صدارتی آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 7 سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔3 دسمبر کو آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے حکومت کا متنازع صدارتی آرڈیننس معطل کردیا تھا۔