سوئی سے اغوا ہونے والے 6 فٹ بالرز کا سراغ نہیں مل سکا
بلوچستان کے علاقے سوئی سے اغوا ہونے والے 6 مقامی فٹ بالرز کا اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا جبکہ ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب شدید پریشانی اور اذیت کا شکار ہیں۔
پولیس سمیت سرکاری اداروں اور فورسز کی جانب سے مغویوں کی بازیابی کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات کے دوران 7 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 6 فٹ بالرز کو بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی سے سبّی جاتے ہوئے جانی بیڑی کے قریب اغوا کرلیا گیا تھا۔
مقامی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ مغوی فٹ بالرز کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ کئی مقامات پر ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے اور سکیورٹی ادارے مغوی کھلاڑیوں کی بازیابی کی کوشش کر رہے ہیں۔
۔
دوسری طرف نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہےکہ فٹ بال کے کھلاڑیوں کو اغوا کرنے والے دہشت گرد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فرنٹیئرکور بلوچستان کھلاڑیوں کی واپسی کے لیے جاری سرچ آپریشن کو لیڈ کر رہی ہے،انہوں نے امید ظاہر کی کہ مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیں گے۔ واضح رہے کہ اجتماعی اغوا کے اس واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔