سابق حکمران پارٹیوں نےسیاست کو شطرنج کا کھیل بنادیا۔سراج الحق
دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6میں عوامی اجتماعات سے خطاب
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابق حکمران پارٹیوں نے سیاست کو شطرنج کا کھیل بنایا دیا ہے، الیکشن میں ان کی کامیابی عوام کی ناکامی ہو گی۔ سابقہ حکمرانوں نے قانون کی بجائے اپنی بادشاہتیں قائم کیں، اب یہ دوبارہ انہی خواہشات کی تکمیل کے لیے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا نے نااہل حکمرانوں کے چہروں سے نقاب اتار دیے ہیں، قوم 8فروری کو سٹیٹس کو کے خاتمے کے لیے ووٹ کرے گی، ترازو امن، انصاف اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6میں عوامی اجتماعات اور مدرسہ حیاۃ المسملین تیمرگرہ میں تقریب تکمیل بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری، سابق ایم این اے صاحبزادہ یعقوب اور سابق تحصیل ناظم ہمایوں خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قوم کو قرضوں کی زنجیروں میں باندھا، یہ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک سے قرضے لائے اور اپنے اثاثوں میں اضافہ کیا، ادائیگی کے لیے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی معیشت کی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری میں برابر کی شریک ہیں، انھوں نے ناکام حکومتیں کیں اور ڈلیور نہیں کر سکیں، ملک کا مسئلہ وسائل کی کمی نہیں اسے اچھی حکمرانی درکار ہے۔
جماعت اسلامی اداروں میں اصلاحات پر یقین رکھتی ہے، ٹیکسوں کا موجودہ نظام فرسودہ ہے، اقتدار میں آ کر عوام کی کرپٹ سسٹم سے جان چھڑائیں گے، وسائل کا رخ شہریوں کی فلاح و بہبود کی طرف موڑا جائے گا، زمین اور کارخانوں کی پیداوار کے منافع میں ہاریوں اور مزدوروں کو شریک کریں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع فراہم کیا ہے، گزشتہ سات دہائیوں سے ان پر مسلط کرپٹ طبقات سے جان چھڑانے کا بہترین موقع 8فروری کا دن ہو گا۔ جماعت اسلامی کا درینہ موقف ہے کہ ملک میں جمہور کی بالادستی قائم ہو، عدالتیں چہروں کی بجائے میرٹ دیکھ کر فیصلے کریں۔
Former ruling parties made politics a game of chess, Siraj ul Haq,سابق حکمران پارٹیوں نےسیاست کو شطرنج کا کھیل بنادیا۔سراج الحق