جماعت اسلامی کا 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان
جماعت اسلامی کا 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اگر عوام کا لاوا پھٹ پڑا تو ان حکمرانوں کو آیئر پورٹ تک کا راستہ نہیں ملے گا، عوام کی چیخیں حکمرانوں اور اشرافیہ تک نہیں پہنچ رہیں، حق دو عوام تحریک کے حوالہ سے حکمت عملی تیار کی ہے، 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا ہوگا۔
اولیاء کے شہر ملتان میں امیر جماعت اسلامی حافط نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کی امارت کی ذمہ داری کے بعد پہلی مرتبہ ملتان آیا ہوں، حق دو عوام تحریک کے حوالہ سے حکمت عملی تیار کی ہے، 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا ہوگا، لوگ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے لئے اپنی قیمتی اشیاء بیچنے کے لئے تیار ہیں، حکومت آئی۔ایم۔ایف کے کہنے پر بجلی کی قیمتیں بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام کا لاوا پھٹ پڑا تو انھیں آیئر پورٹ تک کا راستہ نہیں ملے گا، جاگیردار اور وڈیرے ٹیکس نہیں دیتے، قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلی کے ممبران نے اپنی مراعات میں اضافہ کر لیا، عوام کی چیخیں حکمرانوں اور اشرافیہ تک نہیں پہنچ رہیں، پورے پاکستان میں حق دو عوام تحریک آگے بڑھے گی، ہمارا دھرنا عوام کے رلیف کے لئے ہوگا، پٹرول کی لیوی ختم کی جائے، بجلی سستی ہو گی تو صنعتیں چلیں گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو بجٹ میں حصہ نہیں ملا، کسانوں سے گندم خریدنے کا وعدہ کیا مگر پورا نہ کیا، جنوبی پنجاب کا کسان پسا ہوا ہے، بدترین حالات کے باوجود زراعت نے ترقی کی، کسان کا اعتماد خراب کیا گیا، کپاس کی کاشت کم ہوئی ہے، آج دبئی لیکس کا کیا بنا؟ کسی کو کچھ نہیں پتا، موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے، چیف جسٹس فارم 45 کے تحت فیصلے کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر تنقید جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حکومت اب سولر پر ٹیکس لگانے کی بات کرتی ہے، حکومتی طبقہ کرپٹ ہونے کے ساتھ ساتھ نااہل بھی ہے۔