جان لیوامہنگائی کےخلاف مری کے عوام سراپا احتجاج

مری ڈیویلپمنٹ فورم کے تحت جھیکاگلی میں مہنگائی کے خلاف ایک بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور جدوجہد کا عزم ظاہر کیا ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مری ڈیویلپمنٹ فورم کے صدر ثاقب محمود عباسی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں پے درپے اضافہ کرکے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے اور مہنگائی نے عام آدمی کی قوت خرید کو شدید متاثر کیا ہے ، ضرورت اس امر کی تھی کہ عوام کو کچھ نہ کچھ ریلیف دیا جاتا مگر اس کے برعکس عوام کا جینا دوبھر کردیا گیا ہے . اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نقاش احمد عباسی نے کہا کہ ہم مہنگائی کے خلاف اس تحریک کو ملک گیر سطح تک لے کر جائیں گے اور عوامی طاقت سے حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ وہ آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھائیں ۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔احتجاجی مظاہرے سے مری ڈیویلپمنٹ فورم کے راہ نماؤں نعمان عباسی , حماد سکندر عباسی , عثمان نصیر عباسی , پاکستان سنی تحریک کے صدر راحیل قادری ،ظہیر احمد عباسی , اور لیبر ونگ کے عہدیدار رئیس عباسی نے بھی خطاب کیا ۔