جامعہ کشمیر سے پہلی خاتون نے الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری مکمل کر لی
ایم ایس اسکالرڈاکٹر صباء منیر نے اپنے مقالے کا کامیاب دفاع کیا، وائس چانسلر کی مبارکباد

جامعہ کشمیر مظفرآباد سے پہلی خاتون سکالرصباء منیر نے الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری مکمل کر لی ،سپروائزر ڈاکٹر آسنین نوید کی زیر نگرانی یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کی پہلی خاتون ایم ایس اسکالرصباء منیر نے اپنے مقالے کا کامیابی سے دفاع کیا۔وائس چانسلر، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ کا سپروائزر ڈاکٹر آسنین اور سکالر صباء منیر کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
اپنے تحقیقی مقالے کا دفاع کرتے ہوئے ڈاکٹر صباء منیر نے اپنی کامیابی میں ڈاکٹر آسنین کے کردار کو بھرپور سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس سلسلہ میں جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی اورڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار نے بھی ڈاکٹر آسنین نوید خان کی غیر معمولی نگرانی کو سراہتے ہوئے شعبہ کے لیے ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا۔ ڈاکٹر صبا منیر کے مقالے عنوان
"Techno Economic Analysis of Hybrid Renewable Energy System for Combined Military Hospital Muzaffarabad using HOMER Pro and RET Screen Expert Software”
تھا۔جامعہ کشمیر کے نوجوان پروفیسر ڈاکٹر آسنین نوید کی محنت اور صباء منیر کی کمٹمنٹ کی وجہ سے یہ منفرد اعزاز کل جامعہ کشمیر کے نام ہوا۔ ڈاکٹر آسنین نوید کی رہنمائی میں سکالر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال مظفرآباد کے لیے ایک ہائبرڈ قابل تجدید توانائی کے نظام کی فزیبلٹی کا جائزہ لیا، جس میں جدید سافٹ ویئر ٹولز جیسے HOMER Pro اور RETScreen Expert کا استعمال کیا گیا۔
ڈاکٹر آسنین نوید نے ریسرچ سے لیکر نتائج کی تشریح کرنے تحقیق کے پورے عمل میں صباء منیر کی بھرپور رہنمائی کی ۔ صبا منیر کے مقالے کا کامیاب دفاع نہ صرف ان کی محنت اور عزم کی عکاسی کرتا ہے بلکہ ڈاکٹر آسنین نوید خان کے ایک بہترین سپروائزر کے اہم کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ ان کی غیر متزلزل حمایت، مہارت اور رہنمائی نے نہ صرف صبا منیر کی علمی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے بلکہ قابل تجدید توانائی کے نظام کے شعبے میں علم کے جسم میں بھی اضافہ کیا ہے۔