بشرٰی بی بی کی مبینہ آڈیو،بنی گالا کےسابق نگران کی تصدیق

تصاویر بنانے پر سابقہ خاتون اول برس پڑیں

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور  ان کی رہائش گاہ بنی گالا  کے نگراں انعام خان کی توشہ خانہ کی چیزوں کی تصویر کشی کے معاملے پر مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ جس میں سابقہ خاتون اول توشہ خانہ سے لائی جانے والی چیزوں کی تصاویر کھینچنے پر برس رہی ہیں۔ سابق نگران بنی گالا انعام خان نے آواز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انھی کی آڈیو ہے اور انھوں نے ہی بشریٰ بی بی سے توشہ خانہ سے متعلق گفتگو کی تھی۔

واضح رہے کہ بشریٰ بی بی مبینہ آڈیو میں توشہ خانہ کی چیزوں کی تصاویر کھینچنے پر انعام پر غصہ کر رہی ہیں۔ مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی کہتی ہیلو کہتی ہیں۔ جس پر انعام خان "السلام علیکم” کہتا ہے۔

بشریٰ بی بی: وعلیکم السلام. یہ جو توشہ خانہ سے چیزیں آئی تھیں، آپ نے اصفر کو کہا تھا کہ ان کی تصویریں کھینچ کر بھیجو؟

انعام: نہیں میں نے تو نہیں کہا تھا۔

بشرٰی بی بی :  تو کیوں کھینچی تھیں تصویریں؟ گھر کے اندر جو چیز آئے اس کی تصویر تو نہیں کھینچتے۔ گھر سے باہر جانے والی چیز کی تصویر کھینچنی چاہیے؟ انعام: مجھے نہیں معلوم۔

بشریٰ بی بی :  انعام نے کہا ہے اور اس نے بھیج دی ہیں۔ اس کے بعد بشریٰ بی بی ہولڈ کا کہتی ہیں اور دوسرے بندے سے پوچھتی ہیں، ” آپ نے انعام کو بھیجی ہیں تصویریں؟”

وہ کہہ رہا ہے "مجھے نہیں بھیجیں”

بشری بی بی: کس نے کہا تھا تصویریں کھینچنے کو؟ کس نے؟ کیوں؟ گھر کے اندر والی کسی چیز کی تصویر نہیں کھینچتے کیونکہ وہ میرے پاس آرہی تھی۔

فون پر بشریٰ بی بی پھر کہتی ہیں کہ گھر سے جو چیزیں باہر جاتی ہیں ان کی تصویر کھینچنی چاہیے، گھر کے اندر آنے والی چیز کی کون تصویر کھینچتا ہے؟ کس چیز کا ثبوت؟ آپ کو کیا ضرورت ہے ثبوت دینے کی؟

بشریٰ بی بی کسی دوسرے فرد سے مکالمہ کرتی ہیں کہ آپ نے مجھ سے پوچھا ہے؟ سوری کا کیا مطلب؟ تماشا بنایا ہوا ہے گھر کو؟ ایم ایس ہم پر اعتماد کر کے بھیج رہا ہے، آپ کون ہوتے ہیں تصویریں کھینچنے والے؟

بشریٰ بی بی انعام سے مخاطب ہوتے ہوئے، "اور تمہیں کیوں بھیجی ہیں اس نے تصویریں؟”

انعام:  بی بی مجھے تصویریں آئی ہیں کہ ہم یہ چیزیں گھر کے اندر رکھ رہے ہیں۔ جس پر میں نے کہا کہ بس آپ بی بی کو دے دیں، وہ جانیں۔

بشریٰ بی بی: "کیا کرنا ہے تصویروں کا؟ ہم لوگوں نے کیا کرنا ہے تصویروں کا ؟ آج کے بعد تم گھر کے اندر نہیں آؤ گے، سمجھ آئی۔”

انعام: ” ٹھیک ہے”

بشریٰ بی بی: (غصے میں) "تصویریں لے کر وہیں رہو جہاں تم بیٹھے ہو”

ایک تبصرہ چھوڑ دو