اسلام آباد میں بلوچ مظاہرین پر تشدد کیخلاف پنجگور میں ہڑتال

اسلام آباد پولیس کی جانب سے بلوچ مظاہرین پر تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف پنچگور میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ مظاہرین نے دوسرے روز بھی کراچی کوئٹہ شاہراہ کو دھرنا دے کر بند رکھا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بلوچ خواتین، بچوں اور مظاہرین کے خلاف اسلام آباد کے کریک ڈاؤن بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر پنچگور شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور مالیاتی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔
اُدھر قلات میں خواتین مظاہرین نے منگچرکے مقام پر کوئٹہ کراچی شاہراہ کو دوسرے روز بھی رکاوٹیں ڈال کر بند رکھا اور تمام گرفتار افراد کی رہائی سمیت لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
اس کے بعد انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہوئے تو مظاہرین نے قومی شاہراہ سوراب سے دھرنا ختم کرتے ہوئے مظاہرین کی رہائی کے لیے حکومت کو دس گھنٹوں کی مہلت دی۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما نے کہا کہ گرفتار افراد کو رہا نہیں کیا گیا تو دوبارہ روڈ بلاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعے کے بعد کراچی کوئٹہ شاہراہ کو مظاہرین نے مختلف مقامات پر دھرنا دے کر گزشتہ روز بند کردیا تھا جس کے بعد کوئٹہ سے کراچی کا زمینی راستہ دو روز تک بند رہا۔