آزاد کشمیر میں وزراء کی بھارت کیخلاف ریلی

آزاد کشمیر میں وزراء کی بھارت کیخلاف ریلی
بھارت کی جانب سے پہلگام کے خود ساختہ واقعے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے سمیت یکطرفہ کارروائیوں کے خلاف اور قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کی حمایت میں وزیر اطلاعات آزادکشمیر مولاناپیر محمد مظہر سعید شاہ کی قیادت میں لائن آف کنٹرول کے علاقے دودھنیال میں ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں ہر مکتبہ فکر کے افراد سمیت عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہاکہ بغیر ثبوت کے خود ساختہ پہلگام واقعے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کے بھارتی بیانیے کو مسترد کرتے ہیں۔ کشمیری عوام قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور بھارت کو کسی صورت آبی جارحیت نہیں کرنے دیں گے۔لائن آف کنٹرول کے شہری پاک فوج کے ساتھ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ملکی سلامتی سب سے زیادہ مقدم ہےہماری پالیسی واضح ہے دفاع پہلے اور ترقی بعد کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ مودی دہشت گرد ہے جس نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے اپنے شہریوں (سیاحوں) کو قتل کرایا ہے۔ دریں اثناء آزاد کشمیر کی وزیر محترمہ امتیاز نسیم کی قیادت میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت کے اظہار کیلئے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام حکومت آزاد کشمیر کے مختلف اداروں و محکموں ، کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر تمام تنظیموں اور مکائب فکر کے تعاون سے جمعہ کے روز اولڈ سیکرٹریٹ مظفرآباد میں عظیم الشان عوامی ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ ریاست میں سیاحوں کی ہلاکت کے واقعے کے خلاف پاکستان اور آزاد کشمیرکے بارے میں کی جانے والی یک طرفہ دھمکی آمیز کارروائیوں اور اقدامات کی شدید مذمت کی