پنجاب میں بجلی 14 روپے یونٹ سستی کرنے کا اعلان۔نواز شریف پھٹ پڑے
شہباز شریف بھی بجلی قیمت کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ہمراہ لیگی قائد کی پریس کانفرنس

مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں پر فی یونٹ 14 روپے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مد میں درکار رقم کا بندوبست پنجاب حکومت کرے گی۔
جمعہ کے روز وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اس اقدام پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ اب شہباز شریف کی حکومت کو بھی بجلی بلوں میں کمی کے لیے اقدامات کرنے چاہیئیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں بجلی بلوں میں یہ ریلیف اگست اور ستمبر میں دیا جائے گا جس کے لیے پنجاب حکومت 45 ارب روپے کی رقم الگ سے مختص کرے گی۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے سولر اسکیم کے لیے بھی 700 ارب روپے مختص کرتے کر رکھے ہیں۔
نواز شریف نے موجودہ صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی، بجلی بلوں سے پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان کے جلسے میں، میں نے اس حوالے سے گفتگو کی تھی۔ میرے دور میں بجلی کا بل 1600 روپے آتا تھا جو آج 18 ہزار سے تجاوز کر گیا ہے۔اب مسئلہ یہ ہے کہ غریب آدمی بجلی کا بل دے گا یا بچوں کا پیٹ پالے گا۔
انہوں نے 2017 میں اپنی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بجلی کے بل بھی کم آتے تھے اور روزمرہ ضرورت کی چیزیں بھی سستی تھیں۔ سبزیاں دست روپے کلو میں ملتی تھی۔
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 2013 میں تقریباً دیوالیہ ہونے والی معیشت کو اوپر اٹھایا اور ڈالر کو 95 روپے تک لے آئے ،پھر چار سال تک ڈالر 104روپے کی سطح پر برقرار رکھا مگر اس کے بعد مجھے نکال دیا گیا میں اسی لیے بار بار سوال کرتا ہوں کہ مجھے کیوں نکالا گیا۔؟
ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے اپنے بیٹے حسن سے 10 ہزار درہم تنخواہ نہیں لی چند ججوں نے مجھے اس بنیاد پر نکالا، کیا یہ وجہ بنتی ہے۔لیگی قائد کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم کے عہدے سے ہٹا کر بہت بڑا جرم کیا گیا اور ملک کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ 35 روپے کلو والا آٹا آج کتنا مہنگا ہو گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا طوفان ہم نہیں لائے یہ کرنے والے وہ ہیں جو جیل سے بیٹھے بیانات جاری کر رہے ہیں۔ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا پھر کچھ اور لوگ ہیں جو آئی ایم ایف کو واپس لے کر آئے۔ ہمارے زمانے میں شرح سود پانچ فیصد تھا جو یہ لوگ 22 فیصد پر لے گئے۔ آج بھی یہ شرح 19 فیصد ہے تو ایسے میں کون سرمایہ کاری کرے گا؟
Electricity cheaper by Rs 14 per unit in Punjab,پنجاب میں بجلی 14 روپے یونٹ سستی کرنے کا اعلان