کیا آپ بھی انگریزی کتابیں نہیں پڑھ سکتے؟
کیا آپ بھی انگریزی کتابیں نہیں پڑھ سکتے؟
کیا آپکی رکاوٹ بھی انگریزی ہے؟
کیا آپ بھی نئی نئی اور بہترین کتابیں پڑھنا چاہتے ہیں؟
اگر جواب "ہاں” ہے تو پھر یہ پوسٹ آپکے لیے ہے جو آپکی اس رُکاوٹ کو ہٹانے میں مدد کرے گی.
میں جب بھی کسی کتاب کی سمری لکھتا ہوں یا پھر کسی موضوع پر بہترین کتابیں ریکومنڈ کرتا ہوں تو آدھے سے زیادہ لوگ اُس کتاب کے اردو ترجمے کا پوچھتے ہیں یا پھر کتاب نہ پڑھنے کی Excuse یہ دیتے ہیں کہ اُن کی انگریزی اتنی اچھی نہیں ہے میرے مطابق یہ صرف ایک بہانہ یا Excuse ہے اور آپ اس سے نجات حاصل کرسکتے ہیں. بس آپکو اپنی سوچ میں تبدیلی اور تھوڑی سی محنت کی ضرورت ہے.
جب آپ یہ سوچتے ہیں کہ آپ انگریزی کتابیں نہیں پڑھ سکتے کیونکہ آپ کی انگریزی کمزور ہے، تو یہ دراصل (Self-Doubt) کی علامت ہے۔ آپ اپنے آپ پر یقین نہیں رکھتے اور یہ سمجھتے ہیں کہ آپ انگریزی کتابوں کو نہیں سمجھ سکیں گے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ آپ تھوڑی محنت اور لگن سے ایسا کر سکتے ہیں۔ خود شک میں انسان اپنے صلاحیتوں کو کم تر سمجھتا ہے، حالانکہ وہ دراصل وہ سب کچھ کر سکتا ہے جو وہ چاہے، بس اسے اپنے آپ پر یقین کرنے کی ضرورت ہے۔
میں خود ایک اردو میڈیم سکول سے پڑھا ہوں جہاں کیمسٹری، فزکس اور بائیولوجی تک اردو میں پڑھائی جاتی تھی اور یہ سکول ایک پیلا سکول تھا. وقت کے ساتھ ایکسپوزر ملا تو انگریزی کی اہمیت کا اندازہ ہوا اور خود کچھ محنت کی اور انگریزی کو بہتر کیا. آپ یقین مانیں میں انگریزی سیکھنے کے لیے کسی سینٹر بھی نہیں گیا. بس تین چار مہینے لگائے اور انگریزی بہت بہتر ہوگئی.
اب اگر مجھ جیسا بندہ انگریزی بہتر کرسکتا ہے تو آپ بھی کرسکتے ہیں. اب تو ایک سے ایک ایپلیکیشن موجود ہے اور آپ کہیں بھی کسی وقت سیکھ سکتے ہیں.
اب اگر آپ واقعتاً سیکھنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ انگریزی سیکھنا کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔ جیسے آپ نے اردو سیکھی ہے، ویسے ہی آپ انگریزی بھی سیکھ سکتے ہیں۔ اس میں صرف تسلسل، لگن اور صحیح سٹریٹجی کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب آپ پہلی بار انگریزی کتابیں پڑھنا شروع کرتے ہیں تو آپ کو شاید کچھ مشکلات پیش آئیں، لیکن یاد رکھیں، ہر آغاز مشکل لگتا ہے۔ ایک دفعہ شروع کرنے کے بعد، یہ سفر آپ کے لیے زیادہ آسان اور فائدہ مند ہو جائے گا۔
اب یہ سفر کیسے شروع کرنا ہے تو اسی کے لیے یہ پوسٹ ہے جس میں یہ وہ تمام مؤثر ٹپس، سٹریٹجیز شیئر کی ہیں جو آپ کو انگریزی کتابیں پڑھنے اور اپنی زبان کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔
انگریزی کتابیں پڑھنے میں رکاوٹ کیوں محسوس ہوتی ہے؟
سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ انگریزی کتابیں پڑھنے میں دشواری ایک عارضی مرحلہ ہے جو آپ جتنا زیادہ پڑھیں گے، اتنا کم ہوتا جائے گا۔ جب آپ انگریزی کتاب پڑھنے کا آغاز کرتے ہیں، تو سب سے بڑی رکاوٹ الفاظ کی کمی اور غیر مانوس جملے ہوتے ہیں۔ لیکن یاد رکھیں کہ یہی وہ مقام ہے جہاں آپ سیکھنے کا آغاز کرتے ہیں۔
تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ جب ہم کوئی نئی زبان سیکھتے ہیں، تو ہمارے دماغ میں نئے علم کی انٹری ہوتی ہے، اور اس کا اثر تب تک واضح نہیں ہوتا جب تک ہم اس علم کو تسلسل کے ساتھ استعمال نہ کریں۔ ایک تحقیق کے مطابق،جب آپ کسی نئی زبان کو سیکھتے ہیں، تو آپ کا دماغ زیادہ محنت کرتا ہے اور اس علم کو اپنی یادداشت میں محفوظ کرتا ہے.
آپ کو اس سب میں مشکل ضرور ہوگی لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ سیکھنے کے عمل میں مشکلات ایک قدرتی حصہ ہیں، اور اگر آپ ان کا مقابلہ کرتے ہیں، تو آپ کا دماغ ان چیلنجز کو سمجھنے کی کوشش کرے گا۔
اب آتے ان ٹپس یا طریقوں کی طرف جو آپکو انگریزی کتابیں پڑھنے اور سمجھنے میں مدد دیں گے اور آپ کی vocabulary کو بہتر بنائیں گے۔
1. آسان کتابوں سے آغاز کریں
اگر آپ انگریزی میں نئے ہیں، تو ابتدائی طور پر آسان کتابوں کا انتخاب کریں۔ شروع میں آپ پیچیدہ کتابوں کے بجائے سادی اور سمجھنے میں آسان کتابیں پڑھیں۔ ان کتابوں میں زبان کی ساخت سادہ ہوتی ہے، اور مواد بھی زیادہ پیچیدہ نہیں ہوتا۔
بہتر تو یہ ہے کہ آپ کوئی آسان اور سادہ سی نان فکشن کتاب کا انتخاب کریں جو دلچسپ ہو. زیادہ تر نان فکشن کتابیں ایک General Reader کو ذہن میں رکھ کر لکھی جاتی ہیں. ان میں زیادہ مشکل الفاظ بھی نہیں ہوتے اور کافی دلچسپ بھی ہوتی ہیں جو کہ آپ کو اپنا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد کرتی ہیں.
کچھ کتابوں کے نام بھی بتادیتا ہوں جن سے آپ شروعات کرسکتے ہیں اور یہ کتابیں کافی آسان زبان میں لکھی گئی ہیں
How to Win Friends and Influence People By Dale Carnegie
Atomic Habits By James Clear
Sapiens: A Brief History of Humankind by Yuval Noah Harari
The Magic of Thinking Bi By David J. Schwartz
Start with Why By Simon Sinek
The Compound Effect by Darren Hardy
The Power of Habit By Charles Duhigg
Mindset: The New Psychology of Success
Who Moved My Cheese By Spencer Johnson
Steal Like An Artist By Austin Kelon
The Four Agreements By Don Miguel
Harry Potter Series By JK Rowling
مزید یہ کو کوئی کتاب شروع کرنے وے پہلے اُس کے شروع کے ایک دو صفحات پڑھ لیں تو بھی آپکو اندازہ ہوجائے گا کہ کتاب آپ کے لیول کی ہے یا نہیں.
2. ٹیکنالوجی کا استعمال کریں
آج کی دنیا میں ٹیکنالوجی نے زبان سیکھنے کے عمل کو بہت آسان بنا دیا ہے۔ آپ بہت سے ٹولز اور ایپس کا استعمال کر سکتے ہیں جو آپ کے انگریزی پڑھنے کے تجربے کو بہتر بناتے ہیں:
گوگل لینز: اگر آپ کسی کتاب کے صفحے پر مشکل لفظ یا جملہ دیکھتے ہیں، تو Google Lens کا استعمال کریں۔ یہ فوری طور پر آپ کے لفظ یا جملے کا ترجمہ فراہم کرتا ہے، اور آپ کو کتاب کو پڑھتے ہوئے اسے سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
گوگل ٹرانسلیٹ: اس کا استعمال کرتے ہوئے آپ کسی نئے لفظ یا جملے کو فوراً اردو یا کسی بھی زبان میں ترجمہ کر سکتے ہیں۔ لیکن یاد رکھیں کہ ترجمہ کرنے سے پہلے، آپ کو سیاق و سباق کا جائزہ ضرور لینا چاہیے۔
چٹ جی پی ٹی: اگر کسی پیراگراف میں کچھ پیچیدگیاں ہوں، تو آپ اسے چٹ جی پی ٹی میں پیسٹ کر کے سادہ اور واضح اردو میں اس کا مفہوم پوچھ سکتے ہیں۔
ڈکشنری ایپس: Oxford Dictionary یا Merriam-Webster جیسی ایپس کو اپنے موبائل پر انسٹال کریں تاکہ آپ جب چاہیں کسی بھی نئے لفظ کا مفہوم دیکھ سکیں۔
جب آپ کسی لفظ کا ترجمہ کرتے ہیں، تو اس کا سیاق و سباق بھی دیکھیں تاکہ آپ اس کے مختلف معانی اور استعمالات کو سمجھ سکیں۔
3. سیاق و سباق سے سمجھیں، ہر لفظ کا ترجمہ نہ کریں
کسی بھی نئے لفظ کو سمجھنے کے لیے ہمیشہ سیاق و سباق کو دیکھیں۔ جب آپ کسی جملے یا پیراگراف کو پڑھیں، تو صرف اس لفظ کا ترجمہ نہ کریں، بلکہ اس کے ارد گرد کے جملے کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ کو اس لفظ کا صحیح مفہوم سمجھنے میں مدد ملے گی۔
یہ طریقہ Contextual Learning کہلاتا ہے، اور یہ زبان سیکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ سمجھا جاتا ہے. اس سےآپ کا دماغ خودبخود وہ معانی اور استعمالات سمجھنے لگے گا جو کسی مخصوص سیاق و سباق میں درست ہیں۔
4. نئے الفاظ کو نوٹ کریں اور انہیں یاد کریں
جب بھی آپ کسی نئے لفظ سے متعارف ہوں تو اسے نوٹ کریں۔ آپ اسے ایک نوٹ بک یا موبائل ایپ میں لکھ سکتے ہیں تاکہ آپ اس کا مطلب یاد رکھیں۔ روزانہ ان الفاظ کا استعمال اپنی گفتگو یا تحریر میں کریں تاکہ آپ کی Vocabulary بہتر ہو۔
بہتر تو یہ ہے کہ ایک ایسا Vocabulary Journal رکھیں جہاں آپ ہر نئے لفظ کو لکھیں، اور اس کے ساتھ ایک جملہ یا کہانی بھی تخلیق کریں جس میں آپ نے اس لفظ کو استعمال کیا ہو۔
5. پڑھنے کے بعد خلاصہ لکھیں
کتاب پڑھنے کے بعد، اس کا خلاصہ لکھنا آپ کی سمجھ کو بہتر بناتا ہے اور یادداشت میں اضافہ کرتا ہے۔ جب آپ خلاصہ لکھتے ہیں، تو آپ مواد کو اپنے لفظوں میں دوبارہ بیان کرتے ہیں، جو آپ کی سمجھ کو مستحکم کرتا ہے۔
خلاصہ لکھتے وقت کتاب کے اہم نکات اور خیالات پر زور دیں تاکہ آپ اہم معلومات کو یاد رکھ سکیں۔ آپ ان خلاصوں کو ایک کریٹِو رائٹنگ کی طرح بھی لکھ سکتے ہیں جس سے آپ کو نہ صرف یادداشت بلکہ آپ کی تخلیقی سوچ بھی بڑھے گی۔
6. پڑھنے کی رفتار بڑھائیں
شروع میں آپ آہستہ آہستہ پڑھ سکتے ہیں، لیکن جیسے جیسے آپ کی زبان میں مہارت بڑھتی جائے گی، اپنی پڑھنے کی رفتار بڑھائیں۔ اس سے آپ زیادہ مواد جلدی سیکھ پائیں گے اور آپ کا اعتماد بھی بڑھے گا۔
جب آپ کسی کتاب کو دوبارہ پڑھیں، تو اپنی پڑھنے کی رفتار بڑھانے کی کوشش کریں تاکہ آپ اس کتاب سے زیادہ معلومات حاصل کر سکیں۔
7. موٹیویشن اور تسلسل
پڑھنا شروع کرنے کے بعد سب سے اہم بات تسلسل اور موٹیویشن ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ وہ افراد جو مسلسل پڑھتے ہیں، ان کی زبان میں مہارت تیز ہوتی ہے. روزانہ ایک مخصوص وقت پر پڑھنا آپ کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
کوشش کریں کہ آپ ایک پڑھنے کا شیڈول بنائیں اور اسے اپنی روزمرہ کی عادت میں شامل کریں۔ ہر دن کم از کم پانچ سے دس
منٹ*ل ضرور پڑھیں۔ جیسے جیسے آپ کا اعتماد بڑھتا جائے گا، آپ اپنی پڑھنے کی مقدار بھی بڑھا سکتے ہیں۔
8. آڈیو بکس کا استعمال کریں
اگر آپ کو کسی کتاب کو پڑھنے میں مشکل ہو رہی ہو تو آڈیو بکس کا استعمال کریں۔ آڈیو بکس سننے سے نہ صرف آپ کی سننے کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے، بلکہ آپ کو زبان کی صحیح ادائیگی اور لہجے کے بارے میں بھی علم ہوتا ہے۔یوٹیوب پر درجنوں کتابوں کی آڈیوز مل جائیں گی جن کو آپ MP3 میں کنورٹ کرکے چلتے پھرتے سُن سکتے ہیں.
آپ Audible، Google Play Books یا LibriVox جیسی ایپس کے ذریعے بھی مفت یا سبسکرپشن کی بنیاد پر آڈیو بکس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں.
9. تھیمز اور خیالات پر فوکس کریں
جب آپ کسی کتاب کو پڑھیں تو صرف لفظی ترجمہ نہ کریں، بلکہ اس کے مفہوم، تھیمز اور مرکزی پیغامات پر توجہ دیں۔ کتاب میں جو بنیادی خیالات اور پیغامات چھپے ہیں، ان کو سمجھنا آپ کے مطالعے کی گہرائی کو بڑھاتا ہے اور آپ کی زبان کی سمجھ میں اضافہ کرتا ہے۔
10. پڑھنے کے دوران اپنی سوچ کو فعال رکھیں
جب آپ کتاب پڑھ رہے ہوں، تو اپنے دماغ کو غور و فکر میں مشغول کریں۔ کتاب کو نہ صرف پڑھیں، بلکہ اس پر مباحثہ کریں اور اپنے خیالات کو تشکیل دیں۔ آپ کے ذہن میں جو سوالات اُبھرتے ہیں، ان کو نوٹ کریں، اور کوشش کریں کہ ان کا جواب کتاب کے ذریعے تلاش کریں۔ اس سے آپ کی سوچ کا دائرہ وسیع ہوگا اور آپ کو زبان کا زیادہ بہتر فہم حاصل ہوگا۔
اگر آپ ایک گروپ میں کتاب پڑھ رہے ہیں تو اپنے خیالات اور سوالات کو دوسرے افراد کے ساتھ شیئر کریں۔ اس سے آپ کو نئے نقطہ نظر سے آگاہی ملے گی اور آپ کتاب کو زیادہ گہرائی سے سمجھ سکیں گے۔
11. سہولت کے لیے کتابوں کا انتخاب کریں جو آپ کی دلچسپی کے مطابق ہوں
کتابوں کا انتخاب آپ کی دلچسپیوں کے مطابق کرنا ایک بہت اہم قدم ہے۔ جب آپ کسی موضوع میں دلچسپی رکھتے ہیں، تو آپ کا مطالعہ زیادہ فطری اور قدرتی ہو گا۔ اس سے آپ کو نہ صرف پڑھنے کی مزید رغبت ملے گی، بلکہ آپ کے زبان سیکھنے کا عمل بھی تیز ہو جائے گا۔
آپ Fiction اور Non-fiction دونوں قسم کی کتابوں کا انتخاب کریں تاکہ آپ نہ صرف زبان کی مہارت کو بہتر بنائیں، بلکہ آپ کے عمومی علم میں بھی اضافہ ہو۔ مثلاً، Harry Potter سیریز آپ کی تخیل کو تقویت دے گی، جبکہ Sapiens جیسی کتابیں آپ کو دنیا کی تاریخ کے بارے میں گہرائی سے معلومات فراہم کریں گی۔
یاد رکھیں، انگریزی سیکھنے کا سفر ایک پہلا قدم اٹھانے سے شروع ہوتا ہے۔ جب تک آپ اس راستے پر قدم نہیں رکھتے، آپ یہ نہیں جان پائیں گے کہ آپ کتنی جلدی انگریزی پر عبور حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ کا پہلا قدم ہی سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ شروع میں ممکن ہے کہ مشکلات آئیں، لیکن ان مشکلات کو آپ اپنی ترقی کی طرف قدم بڑھانے کا ذریعہ بنا سکتے ہیں۔
آخر میں یہی کہ انگریزی ایک زبان ہے اور اس کو سیکھنا لازمی ہے. اس سے گھبرائیں نہیں اور اسے ایک Excuse کے طور ہر استعمال نہ کریں.یہ اتنی مشکل نہیں ہے جتنی یہ نہ سیکھنے سے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں.
اگر آپ کو یہ پوسٹ پسند آئی یا اس سے کچھ سیکھنے کو ملا تو اسے دوسروں کے ساتھ لازمی شیئر کریں. ہوسکتا ہے کسی کو اس پوسٹ کی ضرورت ہو اور آپکے ذریعے اُس تک یہ پوسٹ پہنچ جائے.