top header add
kohsar adart

کسی کو سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی، آرمی چیف

 

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی کو سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی، فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 262ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

کور کمانڈر کانفرنس میں انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت کےلیے فوج کی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فورم نے اعادہ کیا کہ کسی کو سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

کانفرنس میں کہا گیا کہ فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔

فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اسکا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی ماورائے علاقائی، ماورائے عدالت قتل اور بھارت کی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی، پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم پر بریفنگ دی گئی۔

شرکاء کانفرنس نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے دنیا بھر میں قتل و غارت کے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔

فورم نے نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

فورم نے فلسطین کے عوام کی حمایت کا اعادہ کیا جبکہ فورم نے غزہ تنازع کے منفی اثرات اور خطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا اور فلسطین میں فوری جنگ بندی کی ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا۔

کور کمانڈر کانفرنس نے فلسطین تنازع کے پُرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا۔

فورم نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری کے خلاف اقدامات سمیت غیر قانونی تارکین وطن، غیر قانونی سرگرمیوں اور مجرمانہ مافیاز کے خلاف اقدامات کو بھی سراہا۔

فورم نے معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود پر مثبت اثرات کو بغیر رکاوٹ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے فارمیشنز کمانڈرز کو پیشہ ورانہ مہارت کا معیار برقرار رکھنے پر زور دیا۔

آرمی چیف نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی اور جوانوں کے مورال اور بہبود پر بھی زور دیا۔

شرکاء کانفرنس نے فوج کے افسران اور جوانوں سمیت شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

شرکاء کانفرنس نے ملک میں امن و استحکام کےلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی عظیم قربانیوں اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے۔ ملکی خودمختاری، قومی عزت اور عوام کی امنگوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More