ڈیڈ لائن کے بعد غیر قانونی تارکین کو ”ہولڈنگ پوائنٹس“ پر رکھنے کا فیصلہ
آزاد کشمیر سے غیر قانونی مقیم تارکین کے انخلا کا عمل جاری ہے ،جبکہ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے بعد بھی غیر قانونی طور پر مقیم رہنے والے افراد کو ”ہولڈنگ پوائنٹس“ پر رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی طرح آزاد کشمیر سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے۔ سول انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ ادارہ ے انخلاء کے دوران غیر ملکیوں سے انسانی بنیادوں پر بھرپور تعاون کو یقینی بنارہے ہیں اور غیر ملکی بھی رضا کارانہ طور پر اپنے ممالک واپس جا رہے ہیں۔
حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق غیر ملکیوں کو 31اکتوبر، 2023کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈیڈ لائن کے بعد غیر قانونی طور پر آزاد کشمیر میں مقیم رہنے والے غیر ملکیوں کو واپس اپنے ممالک بھیجنے کے لئے بھی لائحہ عمل تیار کرتے ہوئے اتنظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
ڈیڈ لائن کے بعد بھی غیر قانونی طور پر مقیم رہنے والے افراد کو ”ہولڈنگ پوائنٹس“ پر رکھا جائے گا جبکہ اس دوران ان کے قیام و طعام کی مکمل ذمہ داری حکومت آزاد کشمیر کی ہو گی۔ ٹرانسپورٹیشن اور سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ بنیادی انسانی حقوق کو بہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں انخلاء کی نسبت معینہ دن پر غیر ملکیوں کو مکمل سہولیات اور بھرپور احترام سے اپنے ممالک روانہ کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔
illegal immigrants to be kept at "holding points" after the deadline,ڈیڈ لائن کے بعد غیر قانونی تارکین کو ”ہولڈنگ پوائنٹس“ پر رکھنے کا فیصلہ