kohsar adart

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد جیل سے رہا

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو رہا کردیا گیا۔ کراچی سینٹرل جیل کے مرکزی دروازے پر کارکنان نے آفاق احمد کا پرتپاک استقبال کیا، فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے کارکنان نے آفاق احمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

آفاق احمد کی رہائی کے موقع پر سینٹرل جیل کے چاروں اطراف کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ آفاق احمد سینٹرل جیل سے بفرزون میں گزشتہ ہفتے ڈمپر کی ٹکر سے ہلاک 10 سالہ بچے صائم کی رہائش گاہ پہنچے اور اہلخانہ خانہ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران متوفی بچے کے والدین آبدیدہ ہوگئے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ جیل سے گھر جانے کے بجائے ان لوگوں کے گھر آیا ہوں، یہاں کے شہریوں کو انسان نہیں بھیڑ بکری سمجھا جارہا ہے، حالات کچھ بھی ہوں ، میں اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔

آفاق احمد نے کہا کہ میں نے جو جدوجہد شروع کی ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ میں پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی آئندہ کی حکمت عملی بتاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں 5، 5 دن سے پانی، بجلی نہیں، لوگ بلک رہے ہیں، جہانگیر روڈ پر خواتین احتجاج کررہی ہیں۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے کہا کہ کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن سے اپیل کرتا ہوں کہ پانی بجلی بحال کریں اگر پانی، بجلی بحال نہ ہوا تو اس احتجاج میں میں بھی خود شریک ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ان حادثات کو صرف حادثہ کہہ کر انتظامی معاملہ کہہ دینا زیادتی ہے، یہ انتظامی نہیں بلکہ انسانی معاملہ ہے، اس پر چپ نہیں بیٹھوں گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More