پی ٹی آئی کے ’فیض یاب‘ ہونے کا وقت گزر چکا،شیری رحمان
سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے ’فیض یاب‘ ہونے کا وقت گزر چکا ہے اور پارٹی نے یہ دیکھ لیا ہے کہ اب وہ کسی اور ذریعے سے بھی ’فیض یاب‘ نہیں ہو سکتی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی اب ناکام ہو چکی ہے اور وہ جو امیدیں رکھتے تھے، وہ اب پوری نہیں ہو سکتیں،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کے لیے یک طرفہ شرائط نہیں ہو سکتیں کیونکہ ایسا کرنے سے بات چیت کا عمل متاثر ہوتا ہے اور مسائل کا حل ممکن نہیں رہتا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات تب ہی کامیاب ہو سکتے ہیں جب فریقین کے درمیان برابری کی بنیاد پر بات چیت ہو، اور اس میں کسی قسم کی یکطرفہ شرائط کا تسلط نہیں ہونا چاہیے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ آپ کو یہ ہدایت بھی دی گئی تھی کہ اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد پر دستخط نہ کریں مگر اس کے باوجود آپ نے اپنے موقف کو تبدیل کیا. سینیٹر شیری رحمان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ حکومت نے عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو کمزور کیا اور ملکی مفادات کے حق میں فیصلے کرنے کے بجائے غیر ضروری دباؤ قبول کیا۔