پی ٹی آئی احتجاج،اڈیالہ جیل جانے والے تمام راستے مکمل سیل
راولپنڈی: پولیس اور انتظامیہ نے تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اڈیالہ جیل جانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں۔
اڈیالہ جیل کی طرف جانے والے راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ جیل جانے والی مرکزی شاہراہ کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل روڈ پر جگہ جگہ پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور جیل جانے والے راستے پر کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں جس سے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کی طرف کسی بھی مظاہرے کی اجازت نہیں ہے۔
واضح رہے تحریک انصاف نے آج اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دے رکھی ہے جبکہ انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف راستوں کو بند کردیا ہے۔