
پکنک مناتی 7 سہیلیاں ایک دوسرے کو بچاتے ڈوب گئیں
عمریں 12 سے 16 سال کے درمیان ہیں، بلوچستان کے شہر تربت کی کیچ ندی میں المناک واقعہ
بلوچستان کے شہر تربت میں ایک المناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کیچ ندی میں پکنک منانے کیلئے آنے والی سات سہیلیاں ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں،جن کی لاشیں ندی سے نکال کر تربت ہسپتال پہنچادی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ بچیاں پکنک منانے مقامی کیچ ندی پر گئی تھیں کہ اس دوران ان میں سے ایک سہیلی ندی میں ڈوب گئی جس کے بعد ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں یکے بعد دیگرے ساتوں سہیلیاں ندی میں ڈوب گئیں۔پولیس کے مطابق ڈوبنے والی بچیوں کی عمریں 12 سے 16 سال کے درمیان ہیں جو سیر کے لیے ندی پر آئی ہوئی تھیں کہ اس دوران ڈوب گئیں۔
شناخت ہو گئی
جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت فائندہ بنت سلیم عمر 15 سال،فضہ بنت زبیر عمر 16 سال، ماہ زیب بنت اشرف عمر 16 سال،شیرین بنت ناصر عمر 13 سال، ماہتاب بنت کریم عمر 14 سال، بشریٰ بنت غلام عمر 14 سال اور 14 سالہ دردانہ بنت نسیم کے ناموں سے ہوئی ہے،
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی بھرپور معاونت کی جائے۔
انہوں نے ڈوبنے سے بچ جانے والی لڑکیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
المناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے،جبکہ جاں بحق ہونےوالی بچیوں کے اہ لخانہ شدت غم سے نڈھال ہیں۔