
پنجاب بھر میں مارکیٹیں رات اٹھ بجے بند کرنے کا حکم
پنجاب میں سموگ کی بدترین صورتحال کے پیش نظر لاہور ہائی کورٹ نے رات آٹھ بجے تمام مارکیٹیں بند کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ عدالتی حکم کے تحت اتوار کے روز بھی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں سموگ کے خاتمے کے حوالے سے مختلف محکموں نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہر سماعت پر ہم اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کے لیے کہتے رہے ہیں، ایسا حکم نہیں دینا چاہتے جس پر عمل درآمد ممکن نہ ہو۔
اس موقع پر عدالت نے کہا کہ گاڑیوں کے موٹروے اور رنگ روڈ پر داخلے پر بھی پابندی عائد کی جائے۔ ٹرک اور ٹریلر کی شہر میں داخلہ مکمل بند کیا جائے۔عدالت کا کہنا تھا کہ ٹرک اور ٹریلر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا بڑا سبب بن رہے ہیں۔
عدالت نے ہدایت دی کہ پولیس اہلکار ہیوی ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے تعینات کیے جائیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ بسوں کو 50، 50 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے تو خود ہی ٹھیک ہو جائیں گے ۔فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی سڑک پر کیسے آ سکتی ہے؟