top header add
kohsar adart

پاکستان کا 76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

پاکستان کا 76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے
ملک بھر میں 76 واں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، لاہور، گوجرانوالہ، پشاور، اسلام آباد، کوئٹہ اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں 14 اگست کا استقبال شاندار آتش بازی سے کیا گیا۔

یوم آزادی پاک سرزمین سے تجدید عہد کا دن ہے اور اہل وطن آج یوم آزادی بھرپور جوش جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں، جشن آزادی کے موقع پر پورا ملک سبز رنگ میں تبدیل ہو گیا ہے، شہریوں نے شہر شہر، قریہ قریہ کو سبز ہلالی پرچموں سے بھر دیا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر سرکاری و نجی عمارتوں کو خصوصی طور پر سبز روشنیوں سے سجایا گیا ہے، ہر طرف چمکتے دمکتے برقی قمقمے پاکستان سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں، مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں یوم آزادی کے کیک کاٹے گئے۔

لاہور میں گریٹر اقبال پارک میں یوم آزادی کی مناسبت سے بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی، اس کے علاوہ منچلوں نے آزادی کا جشن منانے کیلئے ٹولیوں کی شکل میں مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے ہلہ گلہ کیا۔

لاہور میں اتحاد ٹاؤن میں بھی یوم آزادی کے موقع پر شاندارآتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد آتش بازی سے محظوظ ہوئی، اس کے علاوہ اتحاد ٹاؤن نے یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کا بھی اہتمام کیا جس میں نامور فنکاروں نے پرفارم کیا۔

صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں جشن آزادی بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے، یوم آزادی کا آغاز پشاور میں شاندار آتش بازی سے کیا گیا، جمرود باب خیبر اور لنڈی کوتل چروازئے کے مقام پر آتش بازی کی گئی، نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔

کراچی میں پورٹ گرینڈ پر شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا جہاں شہری پر جوش نظر آئے، اسلام آباد میں بھی آسمان مختلف رنگوں سے سج گیا، ایف نائن پارک میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More