kohsar adart

منی لانڈرنگ کیس میں پرویزالٰہی کو ضمانت مل گئی

حکم کے باوجود سہولتیں نہ دینے پر عدالت برہم۔ کچھ ہوا توآپ ذمہ دار ہوں گے۔ آئی جی کو انتباہ

منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلٰی پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر  پرویز الٰہی کو ضمانت مل گئی، جبکہ جیل میں سہولتیں فراہم نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے آئی جی کی سرزنش کی ہے۔

منگل کے روز بینکنگ کورٹ نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کو 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔بینکنگ کورٹ کے جج اسلم گوندل نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے  کیس میں عدم تعاون کا رویہ اپنایا اورعدالتی حکم کے باوجود ریکارڈ پیش نہیں کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایف آئی اے نے 26 جون کو جیل سے رہائی کے بعد منی لانڈرنگ  کیس میں پرویز الٰہی کو گرفتار کیا تھا۔ دوسری جانب عدالتی حکم پر لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور آئی جی جیل خانہ جات پیش ہوئے، عدالت نے استفسار کیا کہ  پرویز الٰہی کو درکار ضروری  سہولیات کیوں فراہم نہیں کی گئیں۔ جیل رولز میں سب کچھ واضح لکھا گیا ہے، جس پر آئی جی جیل نے بتایا کہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق 30 ڈگری ٹمپریچر برقرار رکھتے ہیں، کولر میں روزانہ 20کلو برف بھی ڈالتے ہیں۔

اس موقع پر جسٹس امجد رفیق نےکہا کہ آئی جی صاحب پرویز الٰہی کو کچھ ہوا تو ذمہ دار آپ ہوں گے۔ عدالت نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری صاحب آپ ذمہ دارافسرمقرر کردیں جو تمام سہولتوں کی فراہمی کی رپورٹ آپ کو دے۔ دوران سماعت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی پرویز الٰہی کے وکیل سے تلخ کلامی  بھی ہوئی ، جس پر عدالت نے  کہا کہ آپ لوگ آپس میں براہ راست بات نہ کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More