top header add
kohsar adart

مری میں آج گرینڈ جرگہ روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ

مری ڈویلپمنٹ پلان کے تحت مبینہ تجاوزات کیخلاف آپریشن اور جھیکا گلی بازار کے انہدام کے فیصلے کے خلاف آج 14 دسمبر کو گرینڈ جرگے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تین دن کے لیے مری میں دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 13 سے 15 دسمبر تک مری میں ہر قسم کے سیاسی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ مری ڈیولپمنٹ پلان کے تحت حکومت پنجاب مری کی بیوٹی فکیشن کے لیے بیس سے پچیس ارب روپے کی لاگت سے تین مربع کلومیٹر کی حدود میں مختلف منصوبے تعمیر کر رہی ہے جس کے لیے جھیکا گلی کا ڈیڑھ سو برس پرانا بازار بھی زد میں آرہا ہے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی مری کا موقف ہے کہ اس بازار میں 90 سے زائد دکانیں اور متعدد ہوٹل موجود ہیں جن سے سینکڑوں مقامی خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے، لہٰذا سڑک کشادہ کرنے کے لیے دکاندار تعاون پر آمادہ ہیں، مگر بازار منہدم کر کے ان سے روزگار نہ چھینا جائے۔سیاسی قیادت اور سول سوسائٹی کا موقف ہے کہ مری کے مقامی لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ، لہذا ترقی کے ثمرات ان تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے مقامی لوگوں کی جانب سے احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 14 دسمبر کو ایکشن کمیٹی کے تحت لوئر ٹوپہ کے مقام پر گرینڈ جرگے کی کال دی گئی ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور مقامی نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔گرینڈ جرگے میں عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی۔تحریک انصاف کے سابق رہنما صداقت عباسی۔نواز لیگ کے مقامی رہنما راجہ عتیق سرور۔پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے غلام مرتضیٰ ستی۔جماعت اسلامی کے سفیان عباسی سمیت وکلاء،اساتذہ اور سماجی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

 نواز لیگ نے جرگے کا بائیکاٹ کر دیا۔

دوسری طرف مسلم لیگ نون نے گرینڈ جرگے کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ مری کی ترقی اور خوشحالی روکنے کے لیے عوام کو اکسایا جا رہا ہے، لہذا مسلم لیگ ن اس مہم کا حصہ نہیں بنے گی۔

جمعہ کے روز مری پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مری سے منتخب رکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرور اور ایم پی اے بلال یامین ستی نے کہا کہ مری میں تجاوزات کے خلاف کارروائی 2022 کے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات پر ہو رہی ہے جس کے لیے جماعت اسلامی کے رہنما سفیان عباسی نے درخواست دی تھی۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے دور میں غیر قانونی عمارات تعمیر ہوتی رہیں اور وہ لاکھوں روپے رشوت لے کر تجاوزات کی سرپرستی کرتے رہے، اب وہی لوگ گرینڈ جرگے کا حصہ بن کر عوام کو اکسا رہے ہیں۔بلال یامین ستی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے 10 سالہ دور وزارت اعلی میں مری میں ایک اینٹ بھی نہیں رکھی گئی جبکہ پی ٹی آئی کے دور میں 10، 10 لاکھ روپے رشوت لے کر لنٹر ڈلوائے گئے۔مری کے کالجز بھی انہی لوگوں نے ختم کرائے۔ہم ایک ارب روپے کی لاگت سے یونیورسٹی لا رہے ہیں جبکہ ڈگری کالج بھی بحال کرائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More