لاہور قلندرز نے بھی جیت کا مزہ چکھ لیا
ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کے 23ویں میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست دیکر پہلی فتح حاصل کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے پی ایس ایل سیزن 9 کے 23ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔
163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 145 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، فہیم اشرف 41 رنز کیساتھ نمایاں رہے، اعظم خان نے 29، نسیم شاہ نے 27 ،کولن منرو نے 15 رنز بنائے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان نے 4، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویزے، جہانداد خان اور احسن حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں لاہور قلندرز کی جانب سے رسی وین ڈیر ڈوسن 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 30 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان 2، فخر زمان 10، شائے ہوپ 6، سکندر رضا 4 اور احسن حفیظ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ویزا 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس نے 2، نسیم شاہ، حنین شاہ، عماد وسیم، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔