
عمران خان کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں حرام ہیں، پرویز الہٰی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے،
بانی پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہوں مشکل وقت میں کبھی کسی کو نہیں چھوڑا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے خالی اجتماع نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام نے ان لاڈلوں کو مسترد کر دیا ہے،
8 فروری کو پی ٹی آئی کے نامزد افراد ہی کامیاب ہوں گے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ ہمیں آزادانہ الیکشن مہم چلانے نہیں دی جارہی،
امیدواروں کے گھروں اور انتخابی دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، آخر کسے خوش کیا جارہا ہے،
ہم سیاسی مقابلے کے لیے تیار ہیں، الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔