خود پرستی کی سیلفی بری بلا ہے
خود پرستی کی سیلفی بری بلا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یادش بخیر، پرانے جاننے والے ایک سرائیکی گلوکار سے کافی عرصے بعد ملاقات ہوئی تو اس نے مجھے بتایا کہ گزشتہ سال جتنے زیادہ گانے اس کے وائرل ہوئے ہیں، باقی کسی گلوکار کے اتنے گانے وائرل نہیں ہوئے۔ لیکن جب میں نے اسے کہا کہ مثلا ً؟ ۔۔۔۔۔ تو موصوف اپنا سا منہ لے کر رہ گئے اور مجھے اپنا ایک ایسا گانا بھی نہ بتا سکے کہ جو واقعی گزشتہ سال وائرل ہوا تھا۔
بعض خوش نصیب شعرا ایسے بھی ہیں کہ جن کا ایک شعر یا ایک مصر ع زبان زد عام (یا خاص) ہو جاتا ہے۔ ایسا یقینا کسی برکت کے طفیل ہوتا ہے اور اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ اتفاق سے میں ایسے شعراء کی فہرست میں ہنوز اپنا نام درج نہیں کرا سکا۔ ظاہر ہے زبان زد عام مصرعے میں کوئی نہ کوئی ایسی بات ضرور ہوتی ہے کہ جو اسے مقبول عام بنا دیتی ہے۔ یہ اس شاعر کے لیے اعزاز کی بات تو ہو سکتی ہے، مغروری کی نہیں۔ پوری زندگی میں ایک مصرع کا بھی مقبول عام ہونا شاعر کے لیے بہت بڑی سعادت کی بات ہوتی ہے۔
ایسے ہی ایک شاعر دوست سے اس کے مشہور مصرع پر بات ہوئی تو اس دوست نے یہ بتا کر مجھے حیران کر دیا کہ اس کے کئی اور ایسے اشعار بھی ہیں جو اسی طرح زبان زد عام ہیں۔ ثبوت کے طور پر اس نے (بزعم خود) اپنے کچھ اور "مقبول عام” شعر سنائے۔ اتفاق سے وہ سارے مقبول عام شعر میں پہلی بار سن رہا تھا۔
اسی طرح اسلام آباد میں گزشتہ دنوں ایک مہمان شاعر دوست سے مدتوں بعد ملاقات ہوئی تو میں نے اسے ملتے ہی اس کا ایک واقعی معروف مصرع سنا کر اپنی قلبی محبت کا اظہار کیا۔ محترم شاعر دوست نے، ممنون ہونے کی بجائے، تقریبا جھلا کر مجھے کہا کہ یہ مصرع تو 2016 کا ہے، آپ "کوشش کر کے” میری مزید شاعری بھی پڑھیں تو کچھ اور مقبول عام مصرعے بھی وہاں سے اپ کو مل جائیں گے۔ میں اپنے اس مہمان برخوردار شاعر کو، بوجوہ، یہ جملہ وضع داری میں نہیں کہہ سکا کہ میرے محترم بھائی میں بھی کوشش کر کے اپ کی شاعری سے مزید مقبول عام مصرعے تلاش کرتا ہوں لیکن براہ کرم آپ بھی کوشش کر کے مزید ایسے مقبول عام مصرعے نکالیں کہ جو ہر پڑھنے والے تک خود بخود پہنچ جائیں اور اس کے لیے آپ کو "کنویسنگ” نہ کرنی پڑے۔
ڈاکٹر عزیز فیصل