حکومت نے روسی تیل سے پیٹرولیم قیمتیں کم ہونے کا عندیہ دے دیا
روسی تیل 30تا40فی صدسستاہے اگلے دو ہفتوں تک مارکیٹ میں آجائے گا۔ مصدق ملک
حکومت نے روسی تیل کے ملکی مارکیٹ میں پہنچنے کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے ، سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی تیل 30تا40فی صدسستاہے جس کیلئے امید کی جا رہی ہے کہ یہ اگلے دو ہفتوں تک مارکیٹ میں آجائے گا۔
اس حوالے سے وزیرپیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ ملکی ضروریات کا ایک تہائی ہدف روسی تیل سے پورا کرنا چاہتے ہیں، اس ہدف تک پہنچنے کے بعد قیمتوں میں بڑافرق آئے گا اور اس کا اثرعام آدمی کی جیب تک بھی پہنچے گا، نجی ٹیوی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جب ہم اپنا ہدف حاصل کرلیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتاسکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔ ابھی تو پہلا جہاز آیا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ایک ڈیڑھ مہینے میں تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہوجائے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اگر آپ معاہدوں کی پاسداری کریں تو عالمی سطح پر کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، ہم نے کوشش کی ہے کہ عوام کے لیے سستا تیل لے کر آئیں۔
دوسری طرف روس سے آنے والے تیل کی ریفائنر منتقلی شروع کردی گئی ہے۔ اب تک جہاز سے 3 ہزار ٹن تیل پاکستان ریفائنری منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیور پوائنٹ سے روسی خام تیل کی منتقلی منگل تک مکمل ہوجائے گی۔