برازیلین گلوکار اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے چل بسے
برازیلین گلوکار اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے چل بسے، کیمرے کی آنکھ میں محفوظ افسوس ناک مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر حال ہی میں ہونے والے ایک کنسرٹ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں 30 سالہ برازیلین گلوکار پیڈرو ہنریک لائیو کنسرٹ کے دوران اپنے مشہور گانے ‘Vai Ser Tão Lindo’ پر پرفارم کرتے، جھومتے ہوئے نظر آ رہے تھے، کنسرٹ میں شریک ان کے مداح بھی ان کے ہم آواز ہو کر ان کے ساتھ گانا گا رہے تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرفارمنس کے دوران اچانک ہی گلوکار گر جاتے ہیں اور موقع پر ہی ان کی موت واقع ہو جاتی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق ہو گئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق گلوکار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔
ان کے سوگواروں میں ان کی اہلیہ سویلان بیرٹو اور بیٹی زوئی شامل ہیں۔