
بارش کے باوجود دھرنے کے شرکاء کا جوش و خروش برقرار
خواتین کے بڑے جلسے کی تیاری۔۔ لاہور سے آنے والا قافلہ روک دیا گیا
صبح سے جاری شدید بارش کے باوجود لیاقت باغ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکاء کا جوش وخروش برقرار ہے۔واضح رہے کہ دھرنا آج چوتھے روز میں داخل ہو گیا ہے جبکہ جماعت اسلامی نے مذاکرات کی کامیابی اور مطالبات تسلیم ہونےتک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے جس کی تصدیق جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف نے کر دی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا۔حکومت کمیٹی سے مذاکرات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور امکان ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں جماعت اسلامی دھرنے کو توسیع دے گی۔
دوسری طرف آج مری روڈ پر دھرنے کے مقام پر خواتین کے بہت بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں بڑی تعداد میں خواتین قافلوں کی صورت میں پہنچی ہیں جبکہ لاہور سے انے والے قافلے کو پنجاب حکومت نے روک دیا جس کی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے شدید مذمت کی اور کہا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود دھرنے کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
حافظ نعیم نے واضح کر دیا ہے کہ حکومت مطالبات کو ٹالنے کی کوشش نہ کرے ۔دھرنا تمام طالبات مطالبات کی منظوری کے بعد ہی ختم کیا جائے گا۔شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو دھرنوں کا اعلان کیا ہے ہڑتال کا آپشن باقی ہے۔ ڈی چوک اور پارلیمنٹ کا آپشن بھی ہم نے کھلا رکھا ہے، جب ہڑتال ہوگی تو ساری فیکٹریاں بھی بند ہوں گی۔انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف صاحب ہمارا موڈ سمجھ لو۔۔ ہم ریلیف لینے آئے ہیں، مطالبات مان لیں اسی میں آپ کی حکومت کی بھلائی ہے۔ ہم حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے, کنٹینرز ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران چاہتے ہیں کہ آئی پی پیز کا دھندا چلتا رہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔
لاہور میں روکے جانے پر خواتین نے دھرنا دے دیا
دوسری طرف لاہور پولیس نے جماعت اسلامی کی خواتین ونگ کو راولپنڈی جلسے میں جانے سے روک دیا جس پر خواتین نے منصورہ ملتان روڈ پر ہی دھرنا دے دیا۔خواتین دھرنے میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں تاہم پولیس نے خواتین کی بسیں روک لیں اور انہیں تھانے لے گئی۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق تھانہ چوہنگ کی پولیس آٹھ بسیں اپنے ساتھ لے گئی۔قیصر شریف کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے خواتین کے قافلے دھرنے میں شرکت کے لیے روانہ ہو چکے ہیں مگر حکومت غیر جمہوریت ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات گرفتاریاں اور رکاوٹیں ایک ساتھ نہیں چل سکتیں ،جہاں جہاں قافلوں کو روکا جائے گا وہیں دھرنا دے دیے جائے گا۔