ایران نے امریکی آئل ٹینکر کو یرغمال بنانے کی تصدیق کردی
ایرانی بحریہ نے عمان کے ساحل سے ایک آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے
ایران نے بحیرۂ عرب میں امریکی آئل ٹینکر کو یرغمال بنانے کی تصدیق کردی۔
ایران کے نیم سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی بحریہ نے جمعرات کو بحیرۂ عرب میں امریکی آئل ٹینکر سانت نیکولاس کو قبضے میں لینے کی تصدیق کی۔
تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ تہران نے عدالتی حکم کے مطابق خلیج عُمان میں خام تیل سے لدے آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا۔ یہ بھی اعلان کیا کہ ایرانی بحریہ نے عمان کے ساحل سے ایک آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے۔
اس دوران یونانی کمپنی ’ایمپائر نیوی گیشن‘ نے اطلاع دی ہے کہ ’ہائی جیک‘ کیے گئے ٹینکر سینٹ نکولس کو ترکیہ کی ’ٹوپراس‘ کمپنی نے چارٹر کیا تھا۔
ٹینکر پر تقریباً 145 ہزار میٹرک ٹن خام تیل تھا جو عراقی بندرگاہ بصرہ سے براستہ نہر سوئز ترکیہ کے شہر علیگا روانہ کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے دو برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسیوں یو کے ایم ٹی او اور ای ایم بی آر آئی نے جمعرات کو اطلاع دی تھی کہ مسلح افراد خلیج عمان میں ایک بحری جہاز پر سوار ہوئے جس کے بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔